Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

خوابوں کے شہر “دی لائن” منصوبے کی ریاض اور جدہ میں تعارفی نمائش

اس شہر میں سڑکیں اور گاڑیاں نہیں چلیں گی، بلکہ زیر زمین ہائپر لوپ ٹرین ایک سے دوسرے کنارے پر فاصلوں کو سمیٹ دے گی
شائع 07 اگست 2022 09:14pm
تصویر: دی گارجئین
تصویر: دی گارجئین

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نیوم کے علاقے میں دی لائن سٹی پروجیکٹ کے اعلان کے بعد دارالحکومت ریاض اور جدہ میں منصوبے کی آگاہی کے لئے تعارفی نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس میں اپنی نوعیت کے مختلف اور انجینئرنگ کے شاہکار “دی لائن منصوبے” کو ماڈلز کی شکل میں پیش کیا گیا۔

دارالحکومت ریاض اور جدہ میں منعقدہ نمائش میں دی لائن سٹی کے ماڈلز کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا، جنہیں دیکھنے کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے، لوگ مستقبل کے اس منفرد شہر کے حوالے سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

نمائش میں رکھے گئے ماڈلز سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دی لائن سٹی پروجیکٹ کس قدر دنیا بھر کے لئے پرکشش لائف سٹائل، کاربن فری اور قدرتی ماحول سے آراستہ شہر ہوگا۔

دی لائن سٹی کی چوڑائی 200 میٹر اور لمبائی 170 کلومیٹر ہوگی، خوابوں کے اس شہر کا مجموعی رقبہ 34 کلومیٹر ہوگا اور یہ سطح سمندر سے پانچ سو میٹر کی بلندی پر بنایا جائے گا، جس میں نوے لاکھ لوگ رہائش پذیر ہوسکیں گے۔

دی لائن سٹی کی منفرد بات یہ بھی ہوگی کہ اس میں سڑکیں اور گاڑیاں نہیں چلیں گی، بلکہ زیر زمین ہائپر لوپ ٹرین ایک سے دوسرے کنارے پر فاصلوں کو سمیٹ دے گی۔

نمائش دیکھنے آنے والوں کی سہولت کے لئے عربی اور انگلش کے ماہرین تفصیلات مہیا کر رہے ہیں، نمائش 14 اگست تک جاری رہے گی۔

Muhammad bin Salman

dubai

NEOM

The Line City