Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بے سرا گلوکار گرفتار، مشہور گانے برباد کرنے پر پولیس نے منگوائی معافی

بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ایک اداکار اپنی بے سری گلوکاری کی وجہ سے مشکل میں پڑ گئے
شائع 06 اگست 2022 04:54pm
تصویر: اسکرین گریب
تصویر: اسکرین گریب

جہاں زیادہ تر گلوکار اپنی سریلی آواز کے لیے جانے جاتے ہیں، وہیں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ایک اداکار اپنی بے سری گلوکاری کی وجہ سے مشکل میں پڑ گئے۔

اپنے “آؤٹ آف ٹیون” گانوں کی وجہ سے انٹرنیٹ پر مشہور ہونے والے “ہیرو آلوم” نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بنگلہ دیشی پولیس نے گرفتار کرکے گانا بند کرنے کو کہا ہے۔

بدھ کو اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے آلوم نے کہا کہ پولیس کی طرف سے انہیں ذہنی طور پر اذیت سے دوچار کیا گیا اور رابندر ناتھ ٹیگور اور بنگلہ دیش کے قومی شاعر قاضی نذر الاسلام کے کلاسیکی گانے گانے کے لیے “معافی نامے” پر دستخط کرنے کے لیے مجبور کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے ان سے اپنے نام کے ساتھ ‘ہیرو’ لگانے سے بھی منع کیا ہے۔

 تصویر: ڈھاکہ ٹریبیون
تصویر: ڈھاکہ ٹریبیون

حالانکہ پولیس نے آلوم کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

37 سالہ آلوم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ، “پولیس نے مجھے صبح 6 بجے اٹھایا اور آٹھ گھنٹے تک قید رکھا۔ انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ میں رابندر اور نذر کے گانے کیوں گاتا ہوں؟”

آلوم کے ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے ڈھاکہ کے چیف ڈیٹیکٹیو ہارون الرشید نے کہا کہ آلوم کو بغیر اجازت ویڈیوز میں پولیس کی وردی پہننے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

چیف ڈیٹیکٹیو نے مزید کہا کہ انہیں آلوم کے خلاف پرانے کلاسیکی گانوں کو لے کر کئی شکایات بھی موصول ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہمیں اس کے خلاف بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ہارون نے اے ایف پی کو بتایا کہ آلوم نے گانے کا روایتی انداز مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے، آلوم نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ اب اسے نہیں دہرائیں گے۔“

جیل سے رہا ہونے کے بعد آلوم نے ایک نیا گانا بنایا جس میں دکھایا گیا تھا کہ وہ قید ہیں اور پھانسی کا انتظار کر رہے ہیں۔

دریں اثنا، آلوم کی گرفتاری کی خبر نے ان کے بہت سے مداحوں کو سوشل میڈیا پر اپنی آراء کا اظہار کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

Hero Alom

Bangladeshi Actor

Arrested for singing