Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی نے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا شیڈول چیلنج کردیا

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان نے تمام نشستوں پرخود لڑنے کا اعلان کیا تھا
اپ ڈیٹ 06 اگست 2022 02:35pm
تصویر: فیس بک
تصویر: فیس بک

پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن کاجاری کردہ انتخابی شیڈول چیلنج کردیا.

پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرکردہ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اس حوالے سے مرکزی کیس کا فیصلہ آنے تک شیڈول معطل رکھا جائے۔

درخواست کے متن کے مطابق کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفیٰ کی مرحلہ وارمنظوری کے خلاف درخواست زیرالتوا ہے، اس حوالے سے عدالت 4 اگست کی سماعت میں نوٹس جاری کرچکی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعاکی گئی ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے متعلق مرکزی کیس کا فیصلہ آنے تک یہ شیڈول معطل رکھاجائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر 25 ستمبر کو ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا۔

عمران خان کا اعلان

الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیے جانے کے بعد سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے تمام 9 حلقوں میں خود الیکشن لڑنے کا اعلان کیا گیا۔

بنی گالہ میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ وہ ان تمام نشستوں پر خود کھڑے ہوں گے اعلان کیا کہ وہ قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں خود حصہ لیں گے۔

پس منظر

یہ نشستیں گزشتہ دنوں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی کے 11 ارکان کے استعفوں کی منظوری کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

خالی قرار دی گئی 11 نشستوں میں قومی اسمبلی کی 9 جنرل اور 2 خواتین کی مخصوص نشستیں شامل ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ممبران قومی اسمبلی نے 11 اپریل 2022 کو نشستوں سے استعفے دیے تھے جنہیں اسپیکر نے آئین کےآرٹیکل 64 کی شق (1) کے تحت منظور کیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر کراچی، این اے 239 کورنگی اور این اے 246 کراچی ساؤتھ میں ہوں گے۔