Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک فوج کے شہدا کی نماز جنازہ میں عدم شرکت کو متنازع بنایا جا رہا ہے، صدر عارف علوی

شہداء کی نماز جنازہ میں صدر پاکستان کی عدم شرکت سوشل میڈیا پرمختلف حوالوں سے زیر بحث رہی
اپ ڈیٹ 06 اگست 2022 05:15pm
تصویر، اے پی پی
تصویر، اے پی پی

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرحادثے میں شہید افسران کی نمازجنازہ میں میری عدم شرکت کوغیر ضروری طور پر متنازع بنایا جا رہا ہے۔

چند روز قبل بلوچستان میں پاکستان فوج کا ہیلی کاپٹرسیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوا، جس کا ملبہ دوسرے روز ملا تھا۔

حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹرمیں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔

شہداء کی نماز جنازہ میں صدر پاکستان کی عدم شرکت سوشل میڈیا پرمختلف حوالوں سے زیر بحث رہی۔

گذشتہ روز ہی نجی ٹی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار سےبھی صدرعارف علوی کی عدم شرکت سے متعلق سوال کیا گیا تھاجس پر انہوں نے تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی۔

گزشتہ رات ٹوئٹر پرجاری بیان میں صدرمملکت نے لکھا کہ “اس تمام غیرضروری مشق سے مجھے نفرت انگیز ٹویٹس کرنے والوں کی غیر واضح الفاظ میں مذمت کرنے کا موقع ملتا ہے، جو نہ تو ہماری ثقافت اور نہ ہی ہمارے مذہب سے واقف ہیں”۔

ڈاکٹرعارف علوی نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانیوں کی طرح میں نے بھی ساری زندگی شہداء کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ میں نے سیکڑوں شہداء کے خاندانوں سے رابطے کیے ہیں، جنازوں میں شرکت کی اور تعزیت کے لیے ان سے ملاقات کی ہے۔ آپ کی نمائندگی کرتے ہوئے میں یہ کام اپنا فرض سمجھتا ہوں، تمام خاندانوں کو اپنے شہداء پر ہمیشہ فخر ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ خصوصی طور پر ان شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کرنا نہایت مشکل کام ہے جہاں ان کے لواحقین میں چھوٹے بچے ہوں۔

DG ISPR

President Arif Alvi

President of Pakistan