بلوچستان میں تباہ کن بارشوں نے 120 انسانی جانیں نگل لیں
صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بارشوں سے ہونے والی اموات کی تعداد 120 ہوگئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 46 مرد، 32 خواتین اور 42 بچے شامل ہیں، جبکہ صوبے بھر میں زخمیوں کی تعداد 70 ہوگئی ہے۔
بارشوں اور برساتی ریلوں میں بہہ جانے والے گھروں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 19 لاکھ 79 ہزار تیس ایکڑ پر محیط فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز بلوچستان کےعلاقے قلات میں 50 اور کوہلو میں31 ملى ميٹر بارش ہوئی، نوشکی میں سیلابی ریلے سے 300 سے زائد گھر منہدم ہوگئے۔
ملک کے بیشترعلاقوں میں بادل آئندہ 48 گھنٹے تک رہیں گے، جبکہ پنجاب خیبرپختونخواہ اور بالائی علاقوں سمیت اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشترعلاقوں میں موسم مرطوب رہے گا، جبکہ کراچی، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اورگردونواح میں بارش متوقع ہے۔
گزشتہ روزسب سے زيادہ بارش خیبر پختونخواہ کے ضلع مردان میں 126 ملى ميٹر ریکارڈ کی گئی، لاہورلکشمى چوک 103 اورشاہى قلعہ 83 ملى ميٹربارش ہوئى۔
بلوچستان میں ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، کوہلو، قلات، خضداراور کوئٹہ میں مزید بارشیں ہوں گی۔
بلوچستان بارشوں کے باعث سیلابی ریلے میں بہہ جانے والا شخص دو روز بعد بھی نہ مل سکا، چار گاڑیاں بھی گئیں۔
Comments are closed on this story.