Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتاہے، ترجمان بلوچستان حکومت

پی ڈی ایم کے مطابق اب تک111 افراد جاں بحق ہوچکےہیں
اپ ڈیٹ 29 جولائ 2022 10:26am

ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم نے بلوچستان میں تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہرکردیا۔ اب تک یہ تعداد111 بتائی جارہی ہے۔

فرح عظیم شاہ نے کہا کہ توقع سے زیادہ بارشیں ہونے کے باعث انتظامیہ کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔

آج نیوز کے مارننگ شو میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے کہا کہ کئی اضلاع میں تشویشناک صورتحال ہے جن میں میں لسبیلہ، جھل مگسی، کیچ اور تربت شامل ہیں۔

حالیہ بارشوں کی تباہ کاریوں سے متعلق بات کرتے ہوئے فرح عظیم نے کہا کہ جاں بحق افراد کی تعداد 107 سے 110 تک ہے جس میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس پر پروگرام کی میزبان سدرہ اقبال نے پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے تناطرمیں بتایاکہ جاں بحق افراد کی تعداد 111 ہے۔

فرح عظیم نے کہا کہ شدید بارشوں کے دوران مسلح افواج کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں لیکن جہاں زمینی راستہ منقطع ہوچکا ہے وہاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچا جارہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ موسم کو مد نظررکھتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی کارروائیوں میں کہیں تاخیربھی ہورہی ہے مگر ہرجگہ پہنچ رہے ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ رضاکارسیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور متاثرین میں راشن بھی تقسیم کیا جارہا ہے۔

بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے لسبیلہ کے ندی نالوں میں شدید طغیانی سے حفاظتی بند ٹوٹ چکے ہیں۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تباہ راستے چوتھے روز بھی بحال نہیں ہوسکے ہیں۔

گزشتہ روز بلوچستان میں سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کوفی کس 10 لاکھ روپے دینے کااعلان کیا گیا تھا۔

چیف سیکرٹری عبدالعزیزعقیلی کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث دس ہزار مکانات منہدم ہوئے، ساڑھے سترہ ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

بلوچستان

Heavy rain

Farah Azeem Shah