Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری، جوڈیشل کمیشن نےنامزد کردہ تمام نام مسترد کردیے

4 اراکین نے حق جبکہ 5 نے مخالفت میں رائے دی
اپ ڈیٹ 29 جولائ 2022 09:39am
تقرریوں پر تحفظات کا اظہار کیا جاچکا ہے۔ فوٹو — فائل
تقرریوں پر تحفظات کا اظہار کیا جاچکا ہے۔ فوٹو — فائل

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چیف جسٹس کے نامزد کردہ پانچ نام زیر غور آئے جنہیں جوڈیشل کمیشن نے مسترد کردیا، نامزد ناموں پر 4 اراکین نے حق جب کہ 5 نے مخالفت میں رائے دی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی زیرِ سربراہی اجلاس میں چار جج صاحبان کی تعیناتی کے لیے پانچ ناموں پر مشاورت کی گئی۔

9 رکنی جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف بیرون ملک ہونے کے باعث ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

سپریم کورٹ کی کُل 17 نشستوں پر اس وقت چیف جسٹس پاکستان سمیت 13 جج موجود ہیں جب کہ جسٹس سجاد علی شاہ بھی 13 اگست کو ریٹائر ہوجائیں گے۔

خالی نشستوں پر نامزد ججز میں لاہور، سندھ اور پشاور ہائیکورٹس سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید، سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اظہر رضوی، جسٹس شفیع صدیق اور جسٹس نعمت اللہ شامل تھے۔

خیال رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پہلے ہی چیف جسٹس کے نام اپنے خط میں تعیناتیوں پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں جبکہ انہوں نے اجلاس مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

قاضی فائز عیسیٰ کے علاوہ سپریم کورٹ بار کی جانب سے بھی اعلیٰ عدلیہ میں سنیارٹی کے برخلاف تقرریوں پر تحفظات کا اظہار کیا جاچکا ہے۔

اسلام آباد

Supreme Court of Pakistan

judicial commission