“شیطان کا چیلا” طویل قید سے آزاد ہونے کو تیار
دنیا کے چند سرپھرے قاتلوں میں سے ایک سیریل کلر دوبارہ سڑکوں پر آزاد گھومنے کو تیار ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق “شیطان کے چیلے” کا لقب پانے والا ایک برطانوی سیریل کلر چند ماہ میں جیل سے رہا ہو سکتا ہے۔
پیٹرک میکے نامی اس قاتل کو 1975 میں لندن اور کینٹ میں تین افراد کے قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا، بعد ازاں اس نے مزید آٹھ افراد کے قتل کا اعتراف بھی کیا تھا۔
انہتر سالہ پیٹرک کو پیرول کی سماعت کی اجازت دی گئی ہے جو ستمبر میں ہو سکتی ہے، منظوری کی صورت میں یہ “شیطان کا چیلا” کرسمس تک سڑکوں پر واپس دکھ سکتا ہے۔
شیطان کے چیلے کی شیطانیت
پیٹرک میکے برطانوی تاریخ میں سب سے طویل عرصہ قید رہنے والا مجرم ہے، جس نے باتھ ٹب میں ایک پادری کی لاش کے ٹکڑے کئے، اس پر ایک بیوہ اور اس کے چار سالہ پوتے کو ذبح کرنے کا بھی الزام ہے۔
“مونسٹر آف بیلگراویا”، “شیطان کا چیلا” اور “سائیکوپیتھ” کے القابات سے مشہور پیٹرک کو نومبر 1975 میں انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا اور اسے کم از کم 20 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
اب، 47 سال قید میں گزارنے کے بعد “برطانیہ کا سب سے خطرناک آدمی” کہلانے والے شخص نے اپنا کیس پیرول بورڈ کے پاس بھیج دیا ہے۔
میکے کے ہولناک جرائم میں 87 سالہ بزرگ پنشنرز ازابیلا گریفتھس اور 89 سالہ ایڈیل پرائس کا قتل شامل ہے۔
بزرگ بیوہ ازابیلا گریفتھس کو چیلسی میں ان کے گھر میں گلا گھونٹ کر مارا گیا تھا، جس کے بعد کنسنگٹن میں ایڈیل پرائس کا بھی گلا گھونٹا گیا تھا۔
بعد ازاں، پیٹرک نے 64 سالہ کیتھولک پادری انتھونی کرین کے کلہاڑی سے ٹکڑے کرکے قتل کیا، پادری کی ہلاکت سر پر کئے گئے کلہاڑی کے وار سے ہوئی جس نے کھوپڑی کو دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا۔
پیٹرک پر پانچ قتل کا الزام لگایا گیا تھا، لیکن صرف تین میں مجرم قرار دیا گیا۔
دیگر دو مقدمات کو فائلوں میں دبا دیا گیا، استغاثہ کا خیال تھا کہ ان کے پاس کافی ثبوت ہیں لیکن مقدمے کی سماعت عوامی مفاد میں نہ ہونے کی وجہ سے اسے رد کیا گیا۔
میکے کے دیگر شکاروں میں مشہور کیفے کے مالک آئیوی ڈیوس بھی ممکنہ طور پر شامل ہیں، جنہیں فروری 1975 میں سر پر متعدد زخموں اور گردن کے گرد لپٹے ہوئے کپڑے کے ساتھ مردہ حالت میں پایا گیا۔
مبینہ قاتل نے جیل میں چار دیگر قتل کا بھی اعتراف کیا، جن میں اسٹیفنی برٹن اور ان کا چار سالہ پوتا کرسٹوفر مارٹن شامل ہیں۔
Comments are closed on this story.