Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں آج بھی موسلا دھار بارش کا امکان

شہرقائد میں مون سون کا نیا اسپیل تیسرے روز بھی جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج 82 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔
شائع 26 جولائ 2022 10:20am
تصویر: داور بٹ/ٹوئٹر
تصویر: داور بٹ/ٹوئٹر

شہرقائد میں مون سون کا نیا اسپیل تیسرے روز بھی جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج 82 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کراچی کے چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے پیر کو اپنی ٹویٹ پوسٹ میں کہا کہ، “تازہ ترین ریڈار مشاہدات میں تقریباً پورے کراچی میں بارش کے بینڈز دیکھے گئے ہیں جن کے مطابق موسلا دھاربارش مزید جاری رہے گی۔”

محکمہ موسمیات نے کراچی میں منگل یا بدھ تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ بارش کے نتیجے میں ہونے والے مختلف واقعات میں کم از کم چار افراد جان سے گئے جن میں سے دو کی لاشیں جناح اسپتال اور دوکی عباسی شہید اسپتال لائی گئیں، تمام افراد بجلی کاکرنٹ لگنے سے ہلاک ہوئے۔

پی ایم ڈی کے مطابق 26 جولائی کو صبح 8 بجے تک کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی بارش ملی میٹرزمیں ملاحظہ کیجئے۔

قائدآباد 67 گلشن حدید 59 جناح ٹرمینل 43 کورنگی 43 ایم او ایس 39 سعدی ٹاؤن 38 فیصل بیس 38 یونیورسٹی روڈ 33 ڈی ایچ اے فیز II 21 گلشن معمار 17 سرجانی ٹاؤن 15 صدر 13 نارتھ کراچی 12 کیماڑی 9 ناظم آباد 8 گڈاپ ٹاؤن 6 اورنگی ٹاؤن 5 مسرور بیس 5

پی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے دوران موسلادھار بارشوں سے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، مسافروں اورسیاحوں کو بھی بارش کی پیشگوئی کے دوران زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب نے منگل کی صبح پانی کی نکاسی کی کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سڑکوں کا دورہ کیا۔

اس حوالے سے کی جانے والی ٹویٹس میں مرتضیٰ وہاب نے ڈی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب میں معاونت کی اجازت پرشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ صبا ایونیو اور خیابان شہباز کے سنگم پر پانی کی سطح میں نمایاں کمی آئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اہم سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔ گلشن 13 ڈی، حقانی چوک اور ٹاور میں مسائل تھے تاہم عملہ اور مشینری مصروف عمل ہیں۔

Karachi Rain

monsoon rains