Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی سمیت سندھ بھر میں مزید بارش کی پیش گوئی

شہرِ قائد میں گزشتہ روز سے جاری بارش نے ہنگامی صورتِ حال پیدا کردی ہے، بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے اور مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اپ ڈیٹ 25 جولائ 2022 01:12pm
تصاویر بزریعہ ٹوئٹر
تصاویر بزریعہ ٹوئٹر

شہرِ قائد میں گزشتہ روز سے جاری بارش نے ہنگامی صورتِ حال پیدا کردی ہے، بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے اور مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ سندھ بھر میں 200 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ظہیرالدین بابر نے 25 جولائی (پیر) تک ریکارڈ کی گئی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بارشیں اوسط سے 180 فیصد زیادہ تھیں۔

انہوں نے آج نیوز کو بتایا، “سندھ میں 390 فیصد زیادہ بارش ہوئی، بلوچستان میں 387 فیصد سے زیادہ اس کے بعد پنجاب میں 118 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ جولائی اور اگست ملک میں مون سون کا چوٹی کا موسم تھا۔

عام تعطیل کا اعلان

سندھ حکومت کی جانب سے آج کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ آج سرکاری ادارے اور کارپوریشنز بند رہیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی نجی شعبے کے دفاتر بھی بند رکھے جائیں۔

نکاسی آب اور بحالی آپریشن

کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں وفاقی حکومت کے دفاتر میں بھی آج چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم ضروری سروسز سمیت رین ایمرجنسی میں کام کرنے والے دفاتر کھلے رہیں گے۔

وفاقی حکومت کے کابینہ ڈویژن نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

پاک فوج کے دستے کراچی میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں اور سول انتظامیہ کےساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، شہر کے مختلف علاقوں سے نکاسی آب کا عمل جاری ہے، مزید ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے مزید ریسکیو ٹیمیں الرٹ پر ہیں۔

کہاں کتنی بارش ہوئی؟

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار 24 جولائی کو کراچی کے علاقے صدر میں سب سے زیادہ بارش 164 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان ائیر فورس بیس (پی اے ایف) مسرور پر 142 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ کیماڑی میں 135 ملی میٹر، قائدآباد میں 98، ڈی ایچ اے میں 95 اور سرجانی میں 92 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اورنگی اور گلشن حدید میں 88، ناظم آباد میں 75.4، نارتھ کراچی میں 66، فیصل بیس پر 56 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

کورنگی میں 50، سعدی ٹاؤن 44، جناح ٹرمینل پر 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اندرونِ سندھ سب سے زیادہ بارش بدین میں 219 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ بلوچستان (لسبیلہ) 118 ملی میٹر، پنجاب (بھکر) 55 ملی میٹر، خیبر پختونخوا (بنیر) 129، گلگت بلتستان (گوپس اور ہنزہ) 8 ملی میٹر اور آزاد کشمیر (بانڈی عباس پور) میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Karachi Rain