Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ویڈیو: تیز رفتار ایمبولینس ٹول پلازہ پر خوفناک حادثے کا شکار، 4 افراد ہلاک

تیز رفتار گاڑی دیکھتے ہی دیکھتے قلابازیاں کھاتی ہوئی ٹول پلازہ میں گھس گئی
شائع 21 جولائ 2022 11:52am
ویڈیو میں ایمبولینس ٹول گیٹ کو عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کنٹرول کھوتی نظر آ رہی ہے (تصویر: اسکرین شاٹ)
ویڈیو میں ایمبولینس ٹول گیٹ کو عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کنٹرول کھوتی نظر آ رہی ہے (تصویر: اسکرین شاٹ)

بھارتی ریاست کرناٹکا کے اڈوپی ضلع میں بدھ کے روز ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ایمبولینس گیلی سڑک پر پھسلنے کے بعد ٹول پلازہ سے جا ٹکرائی اور چار افراد لقمہ اجل بن گئے۔

مذکورہ واقعہ شرور ٹول گیٹ کاؤنٹر پر اس وقت پیش آیا جب ایمبولینس گجانن نائک نامی ایک مریض کو اس کی بیوی اور رشتہ داروں کے ساتھ ہوناور سے کنڈا پور اسپتال جا رہی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اندوہناک ویڈیو میں ایمبولینس ٹول گیٹ کو عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کنٹرول کھوتی نظر آ رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیز رفتار گاڑی دیکھتے ہی دیکھتے قلابازیاں کھاتی ہوئی ٹول پلازہ میں گھس گئی۔

حادثہ 20 جولائی کی شام 4 بج کر 7 منٹ پر پیش آیا۔

حادثے کے باعث ایمبولینس میں موجود افراد گاڑی سے اچھل کر باہر جاگرے، جبکہ ٹول پلازہ میں کام کرنے والا عملہ بھی حادثے کی زد میں آگیا۔

مریض، اس کی اہلیہ اور ان کے رشتہ دار شدید زخمی ہوئے اور انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔

مرنے والے افراد کی شناخت منجوناتھ مادیو نائکا، لوکیش نائکا، جیوتھی نائکا اور گجانن لکشمن نائکا کے طور پر کی گئی ہے۔

ہلاک شدہ تمام افراد ہوناور کے رہنے والے ہیں، ٹول پلازہ کے اہلکار کی شناخت سمبج گھورپڑے کے نام سے ہوئی ہے جسے شدید چوٹیں آئی ہیں، جبکہ ایمبولینس ڈرائیور روشن روڈریگز کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بیندور پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

Accident

Ambulance

Toll Plaza