Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کی 15 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں21 جولائی تک توسیع

عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخوست بھی منظور کرلی۔
شائع 18 جولائ 2022 11:49am
عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخوست بھی منظور۔

اسلام آباد کی مقامی عدالتوں نے15مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانتوں میں21 جولائی تک توسیع کردی، عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخوست بھی منظور کرلی۔

ڈسٹرکٹ سیشن عدالت اسلام آباد میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف درج 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت سیشن جج کامران بشارت مفتی نے کی۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم کے وکیل بابر اعوان اور پراسیکیوٹر محمد واجد منیر عدالت میں پیش ہوئے۔

بابر اعوان نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کردی۔

دوسری جانب اسلام آباد کی دوسری ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف درج مقدمات کے معاملے پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج ایسٹ عبدالغفور کاکڑ نے کی۔

عدالت نے 5 مقدمات میں عمران خان کی عبوری درخواست ضمانتیں 5،5 ہزار روپے کے مچلکوں پر منظور کرلیں۔

وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے عمران خان کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر حاضری استثنیٰ کی درخواست دی، جس پر بحث مکمل ہونے کے بعد عدالت نے عمران خان کی عبوری درخواست ضمانتیں منظور کیں۔

بعدازاں بابراعوان نے میڈیا سے گفتگومیں پنجاب میں ضمنی انتخابات کی جیت کو نئی تاریخ قراردیا۔

بابر اعوان نے کہاکہ دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ووٹر لسٹوں میں 40لاکھ افراد کو مردہ دکھایا گیا، عوام نے ثابت کردیا کہ مقابلے میں امریکا بھی ہو تو لوگوں کو خریدا نہیں جاسکتا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف اسلام آباد کے 10تھانوں میں 15 مقدمات درج ہیں۔

عمران خان کیخلاف تھانہ بارہ کہو، لوئی بھیر، کورال اور تھانہ سہالہ میں مقدمات درج ہیں، اس کے علاوہ تھانہ گولڑہ، ترنول، کوہسار، سیکرٹریٹ، آبپارہ کراچی کمپنی اورتھانہ انٹرسٹریل ایریا میں بھی مقدمات درج ہیں۔

اسلام آباد

imran khan

local court

pti chairman

bail extend