Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مقتول بلال کاکا کیخلاف 12 ایف آئی آرز درج ہونے کا انکشاف

ایف آئی آرز کی تفصیل کے مطابق بلال کاکا کیخلاف حیدرآباد کے نسیم نگر پولیس اسٹیشن پر 6 ایف آئی آرز سمیت کل 12 ایف آئی آرز درج ہیں
اپ ڈیٹ 14 جولائ 2022 02:07pm
مقتول بلال کاکا: تصویر: سوشل میڈیا
مقتول بلال کاکا: تصویر: سوشل میڈیا

حیدرآباد میں دو روز قبل گاہکوں اور ہوٹل انتظامیہ کے درمیان جھگڑے میں قتل ہونے والے نوجوان بلال کاکا کیخلاف حیدرآباد کے مختلف تھانوں میں 12 ایف آئی آرز درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی آرز کی تفصیل کے مطابق بلال کاکا کیخلاف حیدرآباد کے نسیم نگر پولیس اسٹیشن پر 6 ، ٹنڈو جام میں 2 سمیت کل 12 ایف آئی آرز درج ہیں۔

اس سے قبل، عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کے دوران اسلحے اور لوہے کی سلاخوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا اس دوران ہوٹل کے قریب پولیس موبائل بھی موجود تھی لیکن فائرنگ اور جھگڑے کے باوجود پولیس نے معاملے میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی۔

گذشتہ روز نوجوان بلال کاکا کے لواحقین نے لاش سمیت حیدرآباد بائی پاس پر دھرنا دیا جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔

دھرنے کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی دھرنے کی اطلاع پر ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ جائے وقوعہ پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کرکے ان کے مطابق ایف آئی آر درج کرنے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد بھٹائی نگر تھانے پر واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

ایف آئی آر میں قتل اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں اور چار ملزمان سمیت چھ نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس نے گذشتہ روز ہی ایک نامزد ملزم شہسوار کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ تین ملزمان فرار ہیں۔

دوسری جانب واقعے کیخلاف کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جھگڑے میں دونوں فریقین کے 5 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

Bilal Kaka

Hyderabad Incident

Police Record