Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی موسلادھار بارش: بیشترعلاقے بجلی سے محروم، نظام زندگی شدید متاثر

کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے 95 فیصد متاثرہ فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے
اپ ڈیٹ 12 جولائ 2022 04:07pm

کراچی میں بارش کو رُکے کئی گھنٹے گزر گئے لیکن شہر کے بیشتر علاقے اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔

گزشتہ روز شہر میں بارش کے بعد کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ شہر میں بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی لیکن بیشترعلاقوں کے رہائشی اب بھی بجلی کے انتظار میں ہیں۔

دریں اثنا 20 گھنٹے سے ڈیفنس فیز فور گلستان جوہر، محمود آباد اور شاہراہ لیاقت کے اطراف کے علاقہ مکین بجلی سے محروم ہیں۔

کلفٹن بلاک فائیو میں 20 گھنٹوں بعد بجلی بحال کی گئی جبکہ ڈی ایچ اے خیابان بادبان میں 36 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

تاہم علاقے سے تاحال بارش کے پانی نکاسی نہ ہونے کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہوگیا ہے جبکہ سندھی مسلم سوسائٹی بلاک بی میں 24 گھنٹوں سے بجلی نہیں ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ بارشوں سے تقریبا 500 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے اور رات گئے تک 95 فیصد متاثرہ فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز ہونے والی بارش کے اعدادوشمار جاری کردئیے۔

کراچی ڈی ایچ اے میں 127ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ فیصل بیس 100 اور مسرور بیس 72 ملی میٹر بارش ہوئی۔

Karachi Rain

K-Electric

Moonsoon Rain