Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، مفتاح اسماعیل نے واضح کردیا

اگرعالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا تو ہمیں بڑھتی قیمتوں کا بوجھ عوام پر ڈالنا ہوگا، جس کے تحت ملک میں پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں
شائع 05 جولائ 2022 08:48pm
قیمت کم ہوئی تو عوام کو ریلیف دیں گے۔ فوٹو — فائل
قیمت کم ہوئی تو عوام کو ریلیف دیں گے۔ فوٹو — فائل

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے واضح کردیا ہے کہ ملک میں پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔

آج نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا” میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ میں نے کوئی استعفیٰ دیا نہ وزریراعظم نے مجھ سے کبھی استعفیٰ مانگا اور نہ میں مستعفیٰ ہونے کی آفر کی جب کہ پارٹی میرے ساتھ کھڑی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ قیمتیں بڑھانے اور سبسڈی ختم کرنے کے فیصلے درست تھے، اگر ایسا نہ کرتے تو وہاں پہنچ جاتے جہاں سری لنکا پہنچ گیا ہے، شہباز شریف کو پتہ تھا کہ ہم نے مشکل فیصلے کرنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے لیٹر آف انٹینٹ کا ڈرافٹ ہمیں بھیجا ہے، بجٹ کے بارے میں بھی ان کے بہت سے سوال تھے، آئی ایم ایف کہتا ہے پیٹرول پر سبسڈی نہ دیں، ہم نے آج آئی ایم ایف کو تفصیلی جواب دیا ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت نے 17 فیصد ٹیکس کا معاہدہ کیا تھا، اس وقت پیٹرول پر 10 اور ڈیزل پر 5 روپے لیوی ہے، اگر پچھلی حکومت کے فیصلے پر چلتا تو مجھے پیٹرول اور ڈیزل 76 روپے مزید مہنگا کرنا پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرعالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا تو ہمیں بڑھتی قیمتوں کا بوجھ عوام پر ڈالنا ہوگا، جس کے تحت ملک میں پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں اور اگر بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت کم ہوئی تو عوام کو ریلیف دیں گے۔

IMF

petroleum prices

Miftah Ismail

aajnews