خالد مقبول نے فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان میں واپسی کیلئے راضی کرلیا
کراچی: کنوینئر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) خالد مقبول صدیقی نے سینیئر سیاستدان ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی میں واپسی کے لئے راضی کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خالد مقبول صدیقی کی گزشتہ رات فاروق ستار کی رہاہشگاہ پر ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے فاروق ستار کو پارٹی میں واپسی کے لئے آمادہ کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ 9 نومبر 2018 کو پارٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ایم کیو ایم پاکستان نے ڈاکٹر فاروق ستار کی رکنیت معطل کردی تھی۔
فاروق ستار نے آج ڈیجیٹل کو بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے انہیں قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کا ضمنی انتخاب پتنگ کے نشان سے لڑنے کی پیشکش کی ہے۔
فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کی اس پیشکش پر جواب دیا کہ اگر وہ پارٹی میں دوبارہ شمولیت اختیار کرلیں گے تو بھی این اے 245 کا ضمنی انتخاب آزاد پینل سے لڑیں گے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق خالد مقبول کی زیر صدارت پارٹی کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لئے ممکنہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
پارٹی ترجمان نے تصدیق کردی ہے کہ خالد مقبول صدیقی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی ہے۔
این اے 245 کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد خالی ہوگئی تھی جس پر فاروق ستار نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کاغزات نامزدگی جمع کرائی تھی۔
واضح رہے کہ فاروق ستار پارٹی کے بانیان ارکان کی فہرست میں شامل ہیں جو ایم کیو ایم سے سینیٹر، رکن قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوچکے ہیں جب کہ بلدیاتی انتخابات میں فتح سمیٹنے کے بعد پارٹی انہیں میئر کراچی کی ذمہ داری بھی سونب چکی ہے۔
Comments are closed on this story.