ملک میں چائے کی درآمدات میں 8.17 فیصد اضافہ
اسلام آباد: ملک بھر میں رواں مالی سال کے پہلے 11 مہینوں کے دوران چائے کی درآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.17 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا مئی (2021-22) کے دوران چائے کی درآمدات تقریباً 58.9 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ جبکہ پچھلے سال جولائی تا مئی (2020-21) کے دوران 53.7 کروڑ ڈالر کی چائے درآمد کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مقدار کے لحاظ سے زیر جائزہ مدت کے دوران چائے کی درآمدات میں 2.04 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ یہ گزشتہ سال کے 238.941 میٹرک ٹن سے کم ہو کر رواں مالی سال کے دوران 234.062 میٹرک ٹن رہ گئی ہیں۔
خوراک کی مجموعی درآمدات گزشتہ سال 755 کروڑ ڈالر سے 11.93 فیصد بڑھ کر رواں مالی سال کے دوران 845 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
تاہم سال بہ سال کی بنیاد پر گزشتہ سال مئی کے مقابلے رواں برس کے اسی مہینے میں چایے کی درآمدات میں 1.05 فیصد کمی ہوئی ہے۔
مئی 2022 کے دوران چائے کی درآمدات 4.85 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ مئی 2021 میں یہ رقم 4.903 کروڑ ڈالر تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر اپریل 2022 میں 4.52 کروڑ ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں مئی 2022 میں چائے کی درآمدات میں 7.11 فیصد اضافہ ہوا۔
رواں مالی سال کے پہلے گیارہ 11 کے دوران مجموعی تجارتی درآمدات جولائی تا مئی (2020-21) کے دوران 50.028 ارب ڈالر سے 44.28 فیصد بڑھ کر جولائی تا مئی (22-2021) میں 72.182 ارب ڈالر تک جا پہنچیں۔
برآمدات میں بھی 27.78 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور اس عرصے کے دوران 28.848 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال 22.576 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔
پی بی ایس نے اعداد و شمار میں انکشاف کیا ہے کہ زیر جائزہ مدت کے دوران مجموعی تجارتی خسارہ 43.334 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال کے دوران ریکارڈ کیے گئے 27.452 ارب ڈالر کے خسارے کے مقابلے میں 57.85 فیصد زیادہ ہے۔
Comments are closed on this story.