Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلدیاتی انتخابات: 14 اضلاع میں پولنگ کا وقت ختم

بلدیاتی انتخابات کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہی۔

سکھر/کراچی: سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، پولنگ اسٹیشنزمیں موجود افراد ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجےتک جاری رہی۔

سکھر اورسانگھڑ میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

جبکہ شہدادکوٹ میں گرمی کے باعث خاتون ووٹر جاں بحق ہوگئیں۔

دوسری جانب فائرنگ کے مختلف واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا وقت صبح 8 بجے شروع ہوا، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

گھوٹکی: بلدیاتی انتخابات، ووٹرز نے قانون کی دھجیاں اڑادیں

  • گھوٹکی میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ووٹرز نے قانون کی دھجیاں اڑادیں۔

  • پابندی کے باوجود ووٹرز اپنے ساتھ پولنگ بوتھ میں موبائل لے جانےمیں کامیاب ہوگئے۔

  • ووٹرز ووٹ کاسٹ کرتے وقت ویڈیوز بناتے رہے جبکہ الیکشن کمیشن اپنے قوانین پر عمل کرانے میں ناکام رہا۔

شہید بینظیر آباد: پولنگ اسٹیشنز سے بیلٹ پیپرز چھیننے اور بیلٹ بکس لے جانے کا مقدمہ درج

  • شہید بینظیر آباد میں پولنگ اسٹیشنز سے بیلٹ پیپرز چھیننے اور بیلٹ بکس لے جانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • مقدمہ بی سیکشن تھانے میں آر اوز کی مدعیت میں درج کیا گیا تاحال کوئی ملزم گرفتار نہ ہوسکا جبکہ پولنگ کا عمل معطل ہے۔

سانگھڑ:وارڈ نمبر 13 پر تصادم، پی ٹی آئی امیدوار کا بھائی جاں بحق

  • سانگھڑ میں ٹنڈوآدم میونسپل وارڈ نمبر 13 کے پولنگ اسٹیشن پر تصادم میں پی ٹی آئی کے امیدوار کا بھائی جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

  • پولنگ اسٹیشن ہاشم خاصخیلی میں 2 جماعتوں کے کارکنان کے درمیان تصادم میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔

  • تصادم کے دوران لاٹھیاں اورگولیاں چل گئیں، جس کے باعث پولنگ بند کردی گئی۔

جیکب آباد: پیپلزپارٹی اور آزاد امیدواروں میں تصادم، 2 افراد زخمی

  • جیکب آباد میں یونین کونسل کوٹ جنگو کے پولنگ اسٹیشن پر پیپلزپارٹی اور آزاد امیدواروں میں تصادم سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

  • تصادم کےدوران ڈسٹرکٹ کونسل کیلئے آزاد امیدوار فاورق کھوسو مبینہ طور پر اغواء ہوگئے۔

  • مبینہ طور اغواء کی واردات کے باعث پولنگ کا عمل روک دیاگیا۔

سکھر بلدیاتی انتخابات: 2 امیدواروں کے حامیوں کےدرمیان جھگڑا، 4 افراد زخمی

  • سکھر کے گاؤں اللہ جڑیو میں بلدیاتی انتخابات کے دوران 2 امیدواروں کے حامیوں کےدرمیان جھگڑا ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • جھگڑے کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا جبکہ پولنگ اسٹاف اور پولیس اہلکار پولنگ اسٹیشن میں محصور ہوگئے۔

شہداد کوٹ: پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں تصادم، 8 افراد زخمی

  • شہداد کوٹ کی یوسی نمبر 50 پولنگ اسٹیشن کوٹ جھڑیو میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں تصادم ہوگیا۔

  • تصادم کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولنگ اسٹیشن کے باہر پولیس اور رینجرز تعینات کردی گئی۔

نوشہروفیروز میں 2 سیاسی جماعتوں میں تصادم، 5 افراد زخمی

  • نوشہروفیروز میں یونین شاہین سلیمان پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں میں تصادم سے 5 افراد زخمی ہوگئے، جس کے باعث پولنگ کاعمل روک دیا گیا۔

جیکب آباد: پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے کارکنوں میں جھگڑا

  • جیکب آباد کے پولنگ اسٹیشن گلشیر کنرانی میں پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا۔

  • پولیس ذرائع کے مطابق جھگڑے میں اینٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جبکہ علاقہ میدان جنگ بن گیا، جھگڑے کے دوران 2امیدواروں سمیت 10افراد زخمی ہوگئے۔

  • پولیس ذرائع کے مطابق جھگڑے کے باعث پولنگ میں ووٹنگ کا عمل معطل کردیاگیا۔

سندھ بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن کی ایم کیو ایم پاکستان کو ملاقات کی دعوت

  • الیکشن کمیشن نے سندھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کو ملاقات کی دعوت دے دی۔

  • چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ایم کیوایم کے وفد کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔

  • چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سندھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تحفظات دور کئے جائیں گے۔

  • ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کو پارٹی سے فوری رابطہ کی ہدایت کی گئی ہے۔

کندھ کوٹ : وارڈ نمبر 2 میں خواتین عملے کے درمیان تصادم

  • کندھ کوٹ میں میونسپل کمیٹی کے وارڈ نمبر 2 میں خواتین عملے کے درمیان تصادم ہوگیا۔

  • جھگرے میں اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آمنہ بلوچ سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے، جھگڑے کی وجہ سے پولنگ کا عمل بند ہوگیا۔

امیدواروں کے نام غلط پرنٹ ہونے والے حلقوں میں انتخابات ملتوی

  • سندھ بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کے نام غلط پرنٹ ہونے والے حلقوں میں انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔

  • الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سندھ بلدیاتی انتخابات میں جن وارڈز کے بیلٹ پیپرز پر امیدواروں کے نام غلط پرنٹ ہوئے، وہاں پولنگ ملتوی کردی گئی ہے۔

  • ترجمان کا کہنا ہے کہ دوبارہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نیا شیڈول جاری کرے گا، الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔

خیرپور: پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے کارکنوں میں تصادم

  • خیرپور میں کوٹ ڈیجی کے وارڈ نمبر 6 کے پولنگ اسٹیشنز پر پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا۔

  • تصادم کے دوران 10 افراد زخمی ہوگئےجبکہ مکوں گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے باعث وارڈ نمبر 6 میں وونٹگ کا عمل روک دیا گیا ۔

پنوعاقل کے پولنگ اسٹیشن پر سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم

  • پنوعاقل کے پولنگ اسٹیشن پر سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا ہے۔

  • پولنگ اسٹیشن فرید مہر پر ہونے والے تصادم میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

  • زخمیوں میں امیدوار بھی شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کے بعد پولنگ کا عمل بند کردیا گیا۔

  • ضلع صدر جے یو آئی کا کہنا ہے کہ باہر سے لوگوں کو بلا کر حملہ کیا گیا۔

کندھ کوٹ: پولنگ اسٹیشن ٹوڑی بنگلو پر مسلح افراد کا حملہ

  • کندھ کوٹ کی یوسی دڑی کے پولنگ اسٹیشن ٹوڑی بنگلو پر مسلح افراد نے حملہ کرکے انتخابی عملے کے 10 افراد کواغواء کرلیا۔

  • کندھ کوٹ میں پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے انتظامات ناقص ہیں جبکہ ووٹرزمیں خوف وہراس ہے اور علاقے کے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

  • ذرائع کے مطابق مسلح افراد بھیوگینگ کےبتائےجارہےہیں۔

بینظیرآباد میں 3 پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن میٹریل کھینچے جانے کا واقعہ، الیکشن کمیشن کا نوٹس

  • الیکشن کمیشن نے بینظیرآباد میں 3 پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن میٹریل کھینچے جانے کے واقعے پر فوری نوٹس لے لیا۔

  • الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

شہید بینظیر آباد کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر مسلح افراد کا دھاوا

  • شہید بینظیر آباد کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔

  • مسلح افراد بیلٹ پیپر چھپا کر فرار ہوگئے، واقعہ نواب شاہ کی یونین کونسل نمبر 8 میں پیش آیا، جس کے باعث تینوں پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا۔

نواب شاہ میں بلدیاتی انتخابات، پولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی

  • نواب شاہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن نادرشاہ ڈسپنسری میں ہنگامہ آرائی ہوئی ہے۔

  • پولنگ کیلئے جاری بیلٹ پیپرز میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی ) کا نشانہ نہ ہونے پر امیدواروں اور ووٹرز کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور پولنگ روک دی گئی۔

  • پولنگ اسٹیشن کے اطراف پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا۔

کندھ کوٹ بلدیاتی انتخابات: جے یوآئی اور پی پی پی کارکنان میں تصادم

  • کندھ کوٹ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران وارڈ نمبر10میں جمعیت علماء اسلام (جےیوآئی) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کارکنان میں تصادم ہوگیا۔

  • پولنگ اسٹیشن میدان جنگ بن گیا،دونوں جانب سے لاٹھیوں کا آزادنہ استعمال کیا گیا، مسلسل ایک گھنٹے تک لڑائی جاری رہی۔

  • پولیس تماشائی بنی رہی جبکہ تصادم میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے اور 20 سے زائد موٹر سائیکل کو بھی توڑ دیا گیا جبکہ لڑائی کو روکنے کیلئے رینجزز طلب کرلی گئی۔

کشمور: وارڈ نمبر 10 میں ووٹر آپس میں لڑ پڑے

  • کشمور کے ٹاؤن کمیٹی گڈو کے وارڈ نمبر 10 میں ووٹر آپس میں لڑ پڑے، جھگڑا آزاد امیدوار کے پولنگ اسٹیشن کے اندر موجودگی پر ہوا، جس کے بعد وارڈ نمبر 10 میں وونٹگ کا عمل رک گیا۔

پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے سندھ کے 14 اضلاع میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، شکار پور، خیر پور، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، کشمور، کندھ کوٹ، گھوٹکی اور تھر پارکر شامل ہیں۔

14اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کیلئے 9 ہزار 290 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، مجموعی طور پر ایک کروڑ 4 لاکھ 92 ہزار سے زائد ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ مختلف 6 ہزار 083 نشستوں پر 22 ہزار 050 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، ایک ہزار 081 نشستوں پرامیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

لاڑکانہ

لاڑکانہ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

سکھر

سکھر میں بھی بلدیاتی انتخابات کا میلہ سج گیا، جہاں ووٹنگ کا عمل جاری ہے،ضلع میں 647 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں، جن میں مردوں کیلئے 175، خواتین کیلئے 174 اور 298 پولنگ اسٹیشن مشترکہ قائم کئے گئے ہیں۔

سکھر میں 8 لاکھ 07 ہزار 508 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر امن وامان کیلئے 2 ہزار 438 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ پاک فوج کی11 کمپنیاں اسٹینڈبائی اور 1509 رینجرز جوان بھی تعینات ہیں۔

میرپورخاص

میرپورخاص میں بھی بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ جاری ہے، جہاں مختلف جماعتوں کے 1330 امیدوارمدمقابل ہیں۔

2 ٹاؤن میونسپل کمیٹی، 22 یونین کمیٹی اور 54 یونین کونسل میں بلدیاتی الیکشن جاری ہیں، جس میں 8 لاکھ 43 ہزار 663 مرد و خواتین ووٹرز اپنا رائے حق دہی استعمال کریں گے۔

شکارپور

شکارپور میں بھی بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ جاری ہے، 1100 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ 515 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

کندھ کوٹ

کندھ کوٹ میں بھی بلدیاتی انتخابات کا میدان سج گیا، جہاں پولنگ جاری ہے، 328 پولنگ اسٹیشن پر 1491امیدوار مدمقابل ہیں۔

ضلع سانگھڑ

ضلع سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں 11 لاکھ سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ ضلع بھر میں 841 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

گھوٹکی

گھوٹکی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ جاری ہے، لوگ ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنز پہنچنا شروع ہوگئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امن وامان کی صورتحال کے پیش نظرفوج اور رینجرزطلب کرلی گئی ہے جبکہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے۔

karachi

sindh

Polling

Local body elections