Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ نے دعا زہرہ کیس نمٹادیا، والد کو مناسب فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت

دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کے وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے کی استدعا پر عدالت نے کیس نمٹا تے ہوئے ان کی درخواست خارج کردی۔
اپ ڈیٹ 23 جون 2022 04:11pm
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے دعا زہرہ کیس میں بڑی خبر آگئی۔

کراچی : سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے دعا زہرہ کیس میں بڑی خبر آگئی، عدالت نے دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کے وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے کی استدعا پر کیس نمٹا دیا اوربچی کے والد کو مناسب فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس سجاد علی شاہ نے پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے مہدی کاظمی سے استفسار کیا کہ آپ کیا چاہتے ہیں، ہمیں آپ کے جذبات کا احساس ہے، بچی نے اپنی مرضی سے شادی کی اس کے حقوق ہیں،آپ کی درخواست پر آج ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کے وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے کی استدعا پر عدالت نے کیس نمٹا تے ہوئے ان کی درخواست خارج کردی۔

عدالت نے بچی کے والد کو متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ کیس ہمارے دائرہ کار میں نہیں آتا ،میڈیکل بورڈ کی تشکیل کیلئے آپ مناسب فورم سے رجوع کرسکتے ہیں۔

وکیل مدعی جبران ناصر نے کیس کا فیصلہ آجانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے کہا ہے کہ بچی عمر کے تعین کی رپورٹ کو چیلنج کرسکتے ہیں ، عمر کے تعین کے حوالے سے میڈیکل بورڈ کی درخواست دیں گے، بچی کو کیس کے فیصلے تک شیلٹر ہوم بھیجا جائے،سیکرٹری صحت درخواست منظور نہیں کرتے تو سندھ ہائیکورٹ جائیں گے، ہمیں امید ہےکہ میڈیکل بورڈ کا فیصلہ ہمارے حق میں آئےگا۔

اس سے قبل 18 جون کو مہدی کاظمی نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے میں خامی ہے، ہائیکورٹ نے 8 جون 2022 کو دعا زہرہ کو اس کی مرضی سے فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

karachi

Supreme Court Karachi Registry

dua zehra