Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کو بچھڑے 6 برس بیت گئے

امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو کراچی کے معروف قوال گھرانے میں آنکھیں کھولی، انہوں نے قوالی کی ابتدائی تربیت اپنے والد غلام فرید صابری اور چچا عظمت صابری سے حاصل کی۔
شائع 22 جون 2022 10:03am
امجد صابری نے محض 8 سال کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وکی پیڈیا
امجد صابری نے محض 8 سال کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وکی پیڈیا

کراچی: عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کو بچھڑے 6 برس بیت گئے، امجد صابری کو 6سال قبل کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

صوفیانہ کلام اور محبت بھرا انداز امجد صابری کو گزرے 6 سال بیت گئے مگر اس لازوال شخصیت کی یاد ابھی تک دلوں میں تازہ ہے۔

امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو کراچی کے معروف قوال گھرانے میں آنکھیں کھولی، انہوں نے قوالی کی ابتدائی تربیت اپنے والد غلام فرید صابری اور چچا عظمت صابری سے حاصل کی اور محض 8 سال کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا۔

قوالی انہیں ورثے میں ہی ملی،امجد صابری نے قوالی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو اس انداز سے منوایا کہ جس کی مثال ملتے نہیں ملتی۔

امجد صابری نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت، پاکستان سمیت دنیا بھر کے 17ممالک میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

اپنے والد غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد امجد صابری ایک نئے روپ میں ابھر کر آئے، انہیں کئی ایوارڈز کے ساتھ پرائڈ آف پرفارمنس بھی ملا۔

امجد صابری کے گائے جانے والے عارفانہ کلام تاجدار حرم، بھردو جھولی میری یامحمد اور جس نے مدینے جانا ہے کرلو تیاریاں بہت مشہور ہوئے۔

امجد صابری 6 برس قبل 22 جون 2016 بمطابق 16 رمضان المبارک کو ایک رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کیلئے نکلے اور مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے اس آواز کو ہمیشہ کیلئے خاموش کردیا۔

فرقہ واریت کی بھینٹ چڑھنے والے امجد صابری کے قاتل تو پکڑے گے اور عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزای بھی سنا دی لیکن بے رحم دہشت گرد تختہ دار پر کب جھولیں گے یہ ایک سالیہ نشان ہے ۔

karachi

Death Anniversary

Qawwal

Amjad Sabri

Ghulam Fareed Sabri

Azmat Sabri