Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا حکم کالعدم قرار دیدیا

عدالت نے تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات ایک ساتھ کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی
شائع 16 جون 2022 07:09pm
بلاتفریق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔  فوٹو — فائل
بلاتفریق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ فوٹو — فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا سِنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے پی ٹی آئی کی جزوی اپیل منظور کر لی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن پر شک کی گنجائش نہیں کہ تمام جماعتوں سے ایک سا برتاؤ ہوگا، توقع ہے الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کے کیسز مناسب وقت میں نمٹائے گا۔

کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ عدالت امید کرتی ہے الیکشن کمیشن باقی جماعتوں کے خلاف کارروائی بھی مناسب وقت میں مکمل کرے گا جب کہ کارروائی شفاف انداز میں آگے بڑھائی جائے گی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی آرڈر پاس نہیں کیا، الیکشن کمیشن کے نمائندے نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سب سیاسی جماعتوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

عدالت نے تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات ایک ساتھ کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک ماہ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرنےکے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر دلائل مکمل ہوجانےکے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

pti

IHC

Eelection Commision