Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

دیگر ممالک کے مقابلے پاکستان میں خون کے عطیات دینے کی شرح کم ہے: صدر

خون کے عطیات سے متعلق غلط خیالات دور کرنے کیلئے تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی پیدا کرنا ہوگی، صحت مند مرد و خواتین جتنی جلدی ہو سکے خون کے عطیات دیں تاکہ زیادہ زندگیاں بچائی جا سکیں، عارف علوی
اپ ڈیٹ 14 جون 2022 11:19am
عطیہ خون کے عالمی دن کے موقع پر صدر عارف علوی کا پیغام ۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
عطیہ خون کے عالمی دن کے موقع پر صدر عارف علوی کا پیغام ۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں خون کے عطیات دینے کی شرح بہت کم ہے، خون کے عطیات سے متعلق غلط خیالات دور کرنے کیلئے تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔

عطیہ خون کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ عطیہ خون کا عالمی دن منانے کا مقصد رضاکارانہ عطیات کی ضرورت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے، رضاکاروں اور مفت خون کا عطیہ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان میں خون کے عطیات دینے کے حوالے سے آگاہی مہم بہت ضروری ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں خون کے زیادہ تر عطیات مریض کے دوستوں اور رشتے داروں کی جانب سے دیئے جاتے ہیں،تمام صحت مند مرد و خواتین جتنی جلدی ہو سکے خون کے عطیات دیں تاکہ زیادہ زندگیاں بچائی جا سکیں،خون کے عطیات دینا درحقیقت یکجہتی کا عمل ہے۔

عارف علوی نے مزید کہا کہ مستقل بنیادوں پر خون کے عطیات کی فراہمی سے خون کی ہر وقت دستیابی یقینی بنانے میں مدد ملے گی،صحت مند افراد تقریباً 12 ہفتوں بعد دوبارہ خون دے سکتے ہیں جبکہ پلیٹ لیٹس کے عطیات دہندگان سال میں 24 بار پلیٹ لیٹس کا عطیہ دے سکتے ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی ایک روزہ دورے پر اسکردو پہنچ گئے

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر اسکردو پہنچ گئے، عارف علوی یونیورسٹی آف بلتستان کے 5ویں کنوکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت بدھ کے روز اسکردو سے گلگت روانہ ہوں گے،عارف علوی قراقرم یونیورسٹی کے کنوکیشن کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی جمعرات اور جمعے کے روز فیملی کے ساتھ تفریحی مقامات کی سیر کریں گے۔

صدر مملکت عارف علوی کے ہمراہ خاندان کے 40 سے زائد افراد کے گلگت بلتستان آنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد

Arif Alvi

President of Pakistan

Blood Donation