آزاد کشمیر کابینہ کا مالی وسائل پر کٹ لگانے کی صورت میں بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ
مظفرآباد: آزاد کشمیر کابینہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے وادی کے مالی وسائل پر کٹ لگانے کی صورت میں آزاد کشمیر کا بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی زیر صدارت آئندہ بجٹ پر کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے وفاق کی جانب سے مالی وسائل پر کٹ لگنے کی صورت میں بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ حکومت پاکستان ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بجٹ پر کٹ لگا رہی جہاں پر پی ٹی آئی کی حکومتیں قائم ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ یہ خطہ تحریک آزادی کا بیس کیمپ اور لائن آف کنٹرو ل پر بھارتی جارحیت کے پیش نظر دفاعی اہمیت کا حامل ہے ، بجٹ پر کٹ کا متحمل نہیں ہو سکتا،حکومت پاکستان کو خطے کی حساس نوعیت اور بجٹ پر کٹ لگنے کی حساسیت سے آگاہ کریں گے۔
کابینہ اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پہلے بھی پاکستان کیلئے قربانیاں دیتے چلے آئیں ہیں،اگر اب بھی پاکستان کو صرف ہماری قربانی کی ضرورت ہے تو سارا بجٹ ہی روک لیں۔
آزاد کشمیر کابینہ نے کشمیر بجٹ پر کٹ کے معاملے پر آواز اٹھانے اور اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Comments are closed on this story.