Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، 12نکاتی ایجنڈا جاری

الیکشن ترمیمی بل اور نیب ترمیمی بل 2022 منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے، دونوں بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہوچکے ہیں۔
اپ ڈیٹ 09 جون 2022 10:04am

اسلام آباد:پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، جس کا 12نکاتی ایجنڈ جاری کر دیا گیا، الیکشن ترمیمی بل اور نیب ترمیمی بل 2022 منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شام 4 بجے ہونے جا رہا ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ پر مشتمل دونوں ایوان کے مشترکہ اجلاس کا 12نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔

ایوان بالا اورایوان زیریں سے حال ہی میں منظور ہونے والے الیکشن ایکٹ ترمیم کا بل 2022 اور نیب ترمیمی بل 2022 منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے۔

صدرمملکت عارف علوی نے دونوں بلز منظور کرنے کے بجائے دوبارہ زیر غور لانے کی ہدایت کرتے ہوئے واپس کر دیئے تھے، دونوں بلز واپس کئے جانے کے بعد آج مشترکہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کئے جارہے ہیں۔

ایجنڈے کے مطابق سینیٹ سے منظور نہ کئے جانے والے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بل، پاک یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنسی ٹیکنالوجی بل اور والدین کے تحفظ کا بل بھی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

والدین کے تحفظ کا بل قومی اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے تاہم سینیٹ سے 90 روزمیں منظور نہ ہونے پر اس بل کی بھی مشترکہ اجلاس سے منظوری لی جائے گی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال پر بحث کی تحریک بھی پیش کی جائے گی۔

سینیٹ کا اجلاس آج ساڑھے 10 بجے ہوگا، 21 نکاتی ایجنڈا جاری

دوسری جانب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے پہلے سینیٹ کا اجلاس آج صبح ساڑھے 10 بجے ہوگا، جس کا ایجنڈا جاری کردیا، ایجنڈے میں وقفہ سوالات اور فہرست میں درج سوالات کے جوابات شامل ہیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں سینیٹ کا اجلاس 2 دن کے وقفے کے بعد آج ہورہا ہے ،اجلاس کا 21 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ۔

ایجنڈے میں وقفہ سوالات شامل ہیں،فہرست میں درج سوالات کے جوابات دیئے جائیں گے، سینیٹرز سلیم مانڈوی والا اورسید علی ظفر اپنی اپنی قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کرنے کی تحریک پیش کریں گےجبکہ سینیٹرز قاسم، سیف اللہ ابڑو اور رانا مقبول احمد اپنی اپنی قائمہ کمیٹیوں کی ایوان میں تحریک بھی پیش کریں گے۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل مالیاتی ذمہ داری اورقرض کی حد بندی ایکٹ 2005 میں مزید ترمیم کا بل 2022 منظوری کیلئے ایوان میں پیش کریں گے، اس طرح مالیاتی ذمہ داری اور قرض کی حد بندی ایکٹ، 2005 میں مزید ترمیم کا بل 2022 قومی اسمبلی پہلے منظورکر چکی ہے۔

وزیربرائے وفاقی تعلیم رانا تنویر حسین قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے قیام کا بل 2022 منظوری کیلئے بھی ایوان میں پیش کریں گے، قومی اسمبلی رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے قیام کا بل 2022 پہلے ہی منظور کرچکی ہے۔

مفتاح اسماعیل ساتویں این ایف سی ایوارڈ کی نگرانی اور نفاذ کی دوسری 2سالہ رپورٹ ایوان میں پیش کرنا بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

اس علاوہ سینیٹرزرضا ربانی،مشتاق احمد،فوزیہ ارشد، دنیش کمار اورثناء جمالی ملک میں پانی کی کمی اورتحفظ بارےتوجہ دلاؤنوٹس ایوان میں پیش کریں گے۔

سینیٹرثانیہ نشتر ،وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت کی ملک میں احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت قائم کردہ سبسڈیوں کے حوالے سے توجہ دلاونوٹس ایوان میں پیش کریں گے۔

تاہم صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پرشکریہ کی تحریک مزید بحث کیلئے ایوان میں پیش کی جائے گی۔

اسلام آباد

Senate session

Parliment

joint session