Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 291 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ

ایئر پورٹ پرعازمین حج کی معاونت اور ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی ٹیم مصروف رہی۔
اپ ڈیٹ 08 جون 2022 09:47am

کراچی :پی آئی اے کا حج آپریشن جاری ہے، کراچی سے قومی ایئرلائن کی پہلی حج پروازپی کے 743 آج صبح 291 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگئی۔

کراچی ایئرپورٹ پر پی آئی اے پریسشن انجینرنگ کمپلیکس (PEC) کے ڈائریکٹر ایئر وائس مارشل عرفان ظہیر نے عازمین حج کو رخصت کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔

اس موقع پر عازمین حج کو پی آئی اے کی جانب سے چھتریاں بھی تقسیم کی گئیں جبکہ حجاج کرام سے پاکستان کی سلامتی اور پی آئی اے کی ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی ہدایات پر عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

سی ای او پی آئی اے عامر حیات حج آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ایئر پورٹ پرعازمین حج کی معاونت کیلئے خصوصی ٹیم مصروف رہی۔

آج صبح کراچی سے پی آئی اے کی پہلی قبل از حج پرواز کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور زکوٰۃ و عشر فیاض علی بٹ، پی آئی اے سٹیشن مینیجر احمد عالم ، ٹکٹ آفس مینیجر مظہر زرداری، ایئر لائن اور CAA کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے 5 بڑے شہروں سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچارہی ہے، اس سلسلے میں اب تک تقریبا 2,000 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جاچکا ہے۔

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 3 جولائی کو اختتام پزیر ہوگا جبکہ بعد از حج پروازیں 14 جولائی سے شروع ہوں گی اور 13 اگست تک جاری رہیں گی۔

karachi

madina munawara

Hajj 2022

PIA Hajj Flight