فنانشل ایمرجنسی کا کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا، وزیرخزانہ
اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ فنانشل ایمرجنسی کا کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کوئی فنانشل ایمرجنسی ہے۔
بزنس ریکارڈر کے ریسرچ ہیڈ علی خضرنے وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل بات کرکے تصدیق کی ہے کہ ملک میں فنانشل ایمرجنسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ایک بیان میں معاشی ایمرجنسی کی قیاس آرائیوں سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ “وزیراعظم شہباز شریف جلد کفایت شعاری کے اقدامات کا اعلان کریں گے”۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی مالی ایمرجنسی نہیں ہے، جس کے تحت اس متعلق کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا، جب کہ پیٹرول کی قیمتوں میں دو بار اضافے سے ہم مالی بحران سے نکل چکے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ فارن اکاونٹس کو منجمد کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کو منجمد اور پرائیویٹ لاکرز پر قبضہ کرنے کا بھی کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی ان اقدامات پر غور نہیں کیا اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے بعد پیٹرول ملکی تاریخ میں پہلی بار 200 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرگیا۔
Comments are closed on this story.