Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بی جے پی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر دنیا بھر کے مسلمان سراپا احتجاج

اوآئی سی سمیت متعدد عرب ممالک نے بیان کی شدید مذمت کی جبکہ متعدد عرب ممالک میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی۔
اپ ڈیٹ 06 جون 2022 11:53am

اسلام آباد: بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان پر دنیا بھر کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں، اوآئی سی سمیت متعدد عرب ممالک نے بیان کی شدید مذمت کی جبکہ متعدد عرب ممالک میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی۔

بھارت میں بی جے پی رہنماء کے پیغمبراسلام سے متعلق توہین آمیز بیان پر مسلم امہ کی جانب سے غم وغصےکا اظہار کیا جارہا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، سعودی عرب اور قطرسمیت دیگرمسلم ممالک نے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کی۔

اوآئی سی نے کہا بھارتی حکمران جماعت اسلام کیخلاف منظم کاروائیوں میں مصروف ہے، جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔

او آئی سی نے اقوام متحدہ سے بھارت میں مسلمانوں کو تحفظ دلانے میں کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ایران اور کویت نے بھارتی سفیر کو دفترخارجہ طلب کرکے بی جے پی ترجمان کے بیان پر وضاحت مانگ لی۔

قطرکی وزارت خارجہ نے معاملے پربھارتی سفیر کو طلب کرکے احتجاجی بیان حوالے کیا، جس میں بھارت سے فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا۔

دوسری جانب بیشتر مسلم ممالک میں عوام کی جانب سے سخت احتجاج جاری ہے، عمان ، مصر، بحرین اور کویت سمیت متعدد مسلم ممالک بھارتی مصنوعات سمیت بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی، جس میں بھارت سے درآمد شدہ اشیاء استعمال نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔

بی جے پی کا اسلام مخالف تبصرہ: سوشل میڈیا پر مسلمانوں کا غم وغصے کا اظہار

بی جے پی کے اسلام مخالف تبصرے پر پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مسلمان سوشل میڈیا پرغم وغصے کا اظہار کررہے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب میں بائیکاٹ انڈیا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، ٹوئٹر پر مودی اور بھارت کیخلاف ٹرینڈ شروع کردیا۔

بی جے پی رہنماء کے متنازع بیان پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے سوشل میڈیا برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے۔

ایک صارف یونس نے لکھا کہ ہم کسی صورت اپنے نبی کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔

ایک صارف نے لکھا کہ بھارت کو اس کا کرارا جواب دیں گے، پوری امت مسلمہ بھارتی پروڈکٹس کا بائیکاٹ کرے گی۔

زینب نامی صارف نے تو پاکستانی حکومت سے اپیل کردی کہ بھارت کیخلاف سخت اقدامات کریں ۔

متعد دسوشل میڈیا صارفین نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔

Saudi Arabia

OIC

Kuwait