Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان اقتدار سے نکلنے کا بدلہ ریاست پاکستان سے لے رہے ہیں، مریم نواز

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ایٹمی پروگرام پر بات کرنے کا کوئی حق نہیں،...
اپ ڈیٹ 02 جون 2022 05:29pm

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ایٹمی پروگرام پر بات کرنے کا کوئی حق نہیں، وہ بے نقاب ہوگئے، عمران خان اقتدار سے نکلنے کا بدلہ ریاست پاکستان سے لے رہے ہیں، عمران خان کی فوج کے تباہ ہونے کی بات کرنے کی ہمت کیسے ہوئی؟ پوری قوم کو غصہ ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر (ن) لیگ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے بیان پر قوم میں غم وغصہ ہے، عوام نے عمران خان سے اپنا مینڈیٹ واپس چھین لیا، عمران خان اقتدار چھیننے پر حواس کھو بیٹھے، عمران خان ریاست پاکستان سے بدلہ لے رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے 3 ٹکڑے ہونے کی بات کی، عمران بتائیں کہ کیا آپ کو یہ نظریہ زیک گولڈ اسمتھ یا اسرائیل نے دیا، انہوں نے قیام پاکستان کیلئے دی گئی قربانیوں کی توہین کی ہے، ملک کے نہیں، عمران خان کی جماعت کے ٹکڑے ہوں گے۔

نائب صدر (ن) لیگ نے کہا کہ نوازشریف کو اقامے پر اقتدار سے نکالا گیا، نواز شریف مشرف دورمیں بھی جلاوطنی برداشت کرچکے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے بی بی کی شہادت پر بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، اےاین پی نے بھی ملک کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، کسی جماعت نے بھی ملک توڑنے کی بات نہیں کی۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان پشاور میں خیبرپختونخوا کے وسائل پر بیٹھے ہیں، لیڈر قوم کو جوڑنے کی بات کرتا ہے توڑنے کی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ایٹمی پروگرام پر بات کرنے کا کوئی حق نہیں، وہ اپنی زبان پر بھی ایٹمی پروگرام کا نام نہ لائیں، عمران خان کا ایٹمی طاقت میں کوئی حصہ نہیں، ذوالفقار بھٹو نے ایٹمی طاقت کا خواب دکھا، نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کئے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے فوج کے تباہ ہونے کی بات کی ، ان کی ہمت کیسے ہوئی؟ وہ کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں؟، اداروں پر عمران خان کی تنقید قابل مذمت ہے، ادارے آئین کا ساتھ دے رہے ہیں تو کیا یہ غلط بات ہے، سپہ سالار آج عمران کے ساتھ نہیں تو وہ برے ہوگئے، عمران خان اقتدار سے نکلنے کا بدلہ ریاست پاکستان سے لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے دماغی امراض کے ماہرین کا بورڈ بنائیں اور عمران کے دماغ کا معائنہ کرایا جائے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے مزید کہا کہ عمران خان عدلیہ کو بھی سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں، عوام نے اس فتنہ اور فساد کو پہچان لیا ہے، عمران خان نے توپوں کا رخ ریاست اور ایٹمی پروگرام کی طرف کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کا کہا گیا، پہلے کسی جماعت نے گرین بلٹس آگ نہیں لگائی، عمران خان کی پوری سیاست تخریب کاری ہے، ان کی تخریب کاری سے ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان کے دور میں ڈالر کی قیمت میں 80 روپے کا اضافہ ہوا، پہلے کہتے تھے آلو پیاز کے نرخ درست کرنے نہیں آیا، آج اچانک عمران خان کو آلو پیاز کے نرخ یاد آگئے، میڈیا فتنہ فساد پھیلانے والی تقاریر دکھانے سے اجتناب کرے۔

Maryam Nawaz

اسلام آباد

imran khan

media talk