Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم شہباز شریف کا پاک ترک تجارت 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم

وزیراعظم نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تجارت کو 3 سال میں 5 ارب ڈالر تک پہنچائیں گے۔
اپ ڈیٹ 01 جون 2022 11:45am

انقرہ: وزیراعظم شہباز شریف نے پاک ترک تجارت 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم ظاہر کیا اور ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تجارت کو 3 سال میں 5 ارب ڈالر تک پہنچائیں گے۔

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان بزنس فورم سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں، ترکی نے زبردست ترقی کی ہے، ترکی نے انفراسٹرکچر کو بے پناہ ترقی دی، آج ترکی کی برآمدات 270 ارب ڈالرسے بڑھ گئی ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ قدرتی آفات کےوقت ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، 2008 کے تباہ کن زلزلے میں ترکی نے پاکستان کی مدد کی۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی لازوال ہے، بدقسمتی سے ہمارے تعلقات کی دوطرفہ تجارت میں عکاسی نہیں ہوتی، پاکستان اور ترکی کو باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا، بعض ترک سرمایہ کاروں کے ساتھ عدم تعاون پر میں معذرت خواہ ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ترکی نے لاہور میٹرو بس منصوبے کا ڈیزائن بغیر معاوضے کے فراہم کیا، پاکستان اور ترکی ایک جان دو قالب ہیں۔

وزیراعظم نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یقین دلاتا ہوں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف ترک کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں

وزیراعظم شہبازشریف ترک کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کریں گے، تمام درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ترک یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکس چینجز کے زیر اہتمام مباحثے میں شرکت کی۔

پاکستان کی جانب سے وزرائے دفاع، تجارت اور اطلاعات شریک ہوئے تو ترکی کے وزرائے تجارت اور دفاع بھی مباحثے میں موجود تھے۔

صدر ترک یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکس چینجز نے اقتصادی و تجارتی تعلقات بڑھانے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب میں برادرانہ تعلقات اور شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی شاندار روایت کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات تمام جہتوں کو نئی سطحوں پر لے جائیں گے، دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط کو مضبوط کرنا ہے، پاک ترک دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے درپیش چیلنجوں کو حل کرنا ضروری ہے ۔

شہبازشریف نے مزید کہاکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریاں اگلے 3 سال میں تجارت کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کریں، حکومت پاکستان تجارت کو 5 بلین ڈالر تک لے جانے کے ہدف کے حصول کیلئے ہرممکن مدد کرے گی۔

ترک کمپنیوں کے نمائندوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کا خاکہ بھی پیش کیا۔

pak turkey relations

Turkey

PM Shehbaz Sharif