Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کیلئے ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کا افتتاح کردیا

آج سے 50 ایمبولینسز سڑکوں پرہوں گی، پولیس، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ سروس کو یکجا کررہے ہیں، مراد علی شاہ
اپ ڈیٹ 31 مئ 2022 05:11pm

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کیلئے ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کا افتتاح کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس پہنچے جہاں انہوں نے ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کا افتتاح کیا۔

ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ سندھ کو ایمبولنس کی چابی پیش کی، ان کے ہمراہ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور دیگر بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کراچی کے علاوہ جلد ہی دیگر شہروں میں بھی مرحلہ وار شروع کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے 6 اسٹیشن کراچی میں قائم کئے گئے ہیں، آج سے 50 ایمبولینسز سڑکوں پر ہوں گی، پولیس، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ سروس کو یکجا کررہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی 2 کم عمر بچیوں نے پنجاب میں جاکر شادی کی، ایک کو کل کورٹ میں پیش کیا گیا دوسری بچی دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے آئی جی سندھ کو ہٹانے کا کہا، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن نامناسب فیصلہ تھا، عدالت کو پتہ ہونا چاہیئے کہ آئی جی تقرری وفاق کی مشاورت سے ہوتی ہے، ہم نے سنئر ترین افسرکو قائمقام آئی جی سندھ لگایا، مستقل آئی جی لگانے کیلئے وفاق سے بات چل رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے صحت مند ہوں، مجھےکوئی تکلیف نہیں ، علاج کیلئے امریکا نہیں گیا تھا، ورلڈاکنامکس فورم میں شرکت کیلئے گیا تھا، پہلی مرتبہ ڈیوس کانفرنس میں کسی صوبے کو مدعو کیا گیا تھا، ایپکس کمیٹی قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے بنی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ کےعوام کے حق کی بات کرتے رہیں گے، ہم نے کراچی میں جمہوری احتجاج پر اعتراض نہیں کیا تاہم اشتعال انگیزی کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جاسکتی، سندھ کا بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائے گا۔

CM Sindh

Murad Ali Shah

karachi