Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سینیٹ نے نیب ترمیمی بل اور انتخابات ترمیمی بل 2022 کثرت رائے سے منظور کرلیا

اپوزیشن نے بلز کیخلاف چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کرکے نعرے بازی کی اور بل کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں لہرادیں۔
اپ ڈیٹ 27 مئ 2022 01:18pm

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی نیب ترمیمی بل اور انتخابات ترمیمی بل 2022 کثرت رائے سے منظور کرلیا، اپوزیشن نے بلز کیخلاف چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کرکے نعرے بازی کی اور بل کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں لہرادیں۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں قومی اسمبلی سے منظورکردہ انتخابات ترمیمی بل 2022 پارلیمانی وزیر سینیٹرمرتضی جاوید عباسی نے پیش کیا۔

ایوان میں کثرت رائے سے شق وار بل کی منظوری لی گئی، بل کی منظوری کے دوران اپوزیشن نے مخالفت کی اور چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کرکے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ای وی ایم مشین میں کافی مسائل ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے بھی اعتراضات اٹھائے۔

ساتھ ہی نیب ترمیمی بل 2022 بھی ایوان بالا سے منظور کروالیا گیا، بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا، جس کی کثرت رائے سے شق وار منظوری دی گئی۔

بل کی منطوری کیخلاف اپوزیشن نے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا، اجلاس کے دوران اپوزیشن بینچزسے مہنگائی کی موجودہ صورتحال پر حکومت پر تنقدد کی گئی ۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو سمندر پارپاکستانیوں کے ووٹ کے حق پرڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے، ہم ای وی ایم پرسمجھوتا نہیں کریں گے، اس وقت اگر یہ حکومت ختم ہوجائے تو معیشت ٹھیک ہوجائے گی۔

اپوزیشن کے شورشرابے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا۔

حکومت کا قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی 2 بڑے بلز فوری منظور کروانے کا فیصلہ

حکومت نے قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی 2 بڑے بلز فوری منظور کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی اتحاد میں شامل تمام سینیٹرز کو آج ایوان بالا میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد نیب ترمیمی بل اور انتخابات کا ترمیمی بل 2022 آج سینیٹ اجلاس میں پیش ہوں گے تاہم وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی دونوں بل پیش کرنے کی تحریک ایوان میں پیش کریں گے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دونوں بلزآج ہی سینیٹ سے منظور کروائیں جائیں گے۔

خیال رہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 23 نکالی ایجنڈا بھی جاری کردیا جس کی صدارت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کریں گے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے نیب ترمیمی بل اور الیکشن ایکٹ 2017 ترمیمی بل منظور کئے تھے۔

اسلام آباد

National Assembly

senate

PTI govt