Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان نے حکومت کو الیکشن کی تاریخ دینے کیلئے 6 دن کا الٹی میٹم دے دیا

حکومت الیکشن کا اعلان اور اسمبلیاں تحلیل کرے ورنہ عوام کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد آئیں گے، حکومت ملک کو انتشار کی طرف لے جار ہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 26 مئ 2022 10:38am

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور الیکشن کی تاریخ دینے کیلئے 6 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔

پی ٹی آئی کا قافلہ عمران خان کی قیادت میں جناح ایونیو پہنچ گیا جہاں پر سابق وزیر اعظم نے کارکنان سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ حکومت الیکشن کا اعلان اور اسمبلیاں تحلیل کرے ورنہ عوام کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد آئیں گے، حکومت ملک کو انتشار کی طرف لے جار ہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آزادی مارچ ناکام بنانے کی ہر کوشش کی گئی لیکن 30 گھنٹے میں دیکھا کہ قوم غلامی کے خوف سے آزاد ہو گئی ہے، جس طرح آزادی کی تحریک کے شرکاء نے آنسو گیس شیلنگ کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی،یہ لوگ ہماری پارٹی کو ممی ڈیڈی کہتے تھے۔

عمران خان نے حکومت پر 5 کارکنان کی جان لینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 3 کارکنان کو کراچی اور 2 کو راوی پل پر شہید کیا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکومتی کارروائی سے قوم ڈرنے والی نہیں، عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا، پرامن احتجاج پر شیلنگ کی گئی، کنٹینرز لگا کر راستوں کو بند کیا گیا،عدلیہ ڈی چوک، لبرٹی چوک پر شیلنگ کا نوٹس لے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ فیملیز کو اپنے جلسوں میں بلاتا ہوں ، ہماری آزادی کی تحریک میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ خوف دیاجاتا تھا امریکا کی مددکے بغیر اقتدار میں نہیں آسکتے ، ڈرایا جاتا تھا کہ امریکا نے پیسے نہ دیئے تو پاکستان کا دیوالیہ نکل جائے گا۔

عمران خان نے مزیدکہا کہ امریکی سازش کے تحت ہم پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی،آدھی سے زیادہ کابینہ ضمانت پر ہے جسے سزا ہونی تھی اسے سب سے بڑے عہدے پر بٹھایا گیا ، اس کے بیٹے کو وزیر اعلی بنادیا گیا، اس سے بڑی اس قوم کی توہین کیا ہوگی؟۔

اسلام آباد

imran khan

D Chowk

pti long march