ملک میں فتنہ فساد کا اعلان کھلے عام کیا جا رہا ہے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہم ملک سے انتشار کی سیاست کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں۔
دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن کے گھر سےفائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل شہید ہوگیا، انتشار پھیلانے والوں نے مذمت تک نہیں کی، ملک میں فتنہ و فساد کا اعلان کھلے عام کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام و املاک کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، ریاست کی رٹ پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، اطلاعات کےمطابق مسلح جتھے اسلام آباد آرہے ہیں، 2014میں بھی جتھےاسلام آباد میں 126 دن تک بیٹھے رہے اور ان کی جانب سے ڈی چوک پر قبریں کھودی گئی تھیں جب کہ یہ فاشسٹ ٹولہ ملک میں چار سال حکومت کر چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک شخص نے خونی مارچ کا اعلان کیا ہے، حملےکا اعلان کرنے والوں کو اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ ملک آج غیر معمولی صورتحال سےگزر رہا ہے جس میں امن قائم کرنے کے لئے قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا، پی ٹی آئی جس حد تک جائے انہیں اس حد تک ہی روکا جائے گا۔
Comments are closed on this story.