Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حقیقی آزادی مارچ ہر صورت ہوکر رہے گا: فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے چند بدمعاش لوگوں کو بھرتی کئے ہیں انہیں واضح کردوں آپ کی اتنی حیثیٹ نہیں کہ آپ آزادی مارچ روکیں۔
شائع 23 مئ 2022 06:11pm
پاکستان معاشی بحران کا شکار سیاسی بحران کی وجہ سے ہے۔  فوٹو — آج نیوز/ اسکرین گریب
پاکستان معاشی بحران کا شکار سیاسی بحران کی وجہ سے ہے۔ فوٹو — آج نیوز/ اسکرین گریب

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان معاشی بحران کا شکار سیاسی بحران کی وجہ سے ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہماری لیڈرشپ کی پشاور میں 3 اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ ہر صورت ہوکر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اقتدار سے چمٹی ہوئی ہے، یہ سوچے بغیر کہ اس کے ملک پر کیا اثرات ہو رہے ہیں، ڈالر کے مقابلہ میں روپیہ 19 کی قدر کھو چکا ہے اور اگر یہ مزید حکومت کریں گے تو ملک کی لٹیا ہی دبو دیں گے، پاکستان معاشی بحران کا شکار سیاسی بحران کی وجہ سے ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے اب تک 4 غیر ملکی دورے کیے ہیں، بلاول امریکا سے اترے نہیں اور اب سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگئے، ابھی انہیں 35 دن ہی حکومت میں آئے ہوئے ہیں، ان کی ترجیح عوام کو ریلیف دینے کے بجائے وزیراعظم ہاؤس میں سوئمنگ پول، جم اور اسکوائش کورڈ بنانا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم اور سب سے بڑے صوبے کا وزیراعلیٰ ضمانت پر ہیں، ان پر فرد جرم اس لئے عائد نہیں ہورہا کہ کبھی میٹنگ یا کبھی غیر ملکی دورے کا کہا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کو اٹھایا گیا، بغیر وردی میں جاکر لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے، شیری مزاری پر بھی جعلی پرچہ کروایا گیا جب کہ حکومت نے 700 سے قریب افراد کے خلاف پرچے کٹوانے کی تیاری کرلی ہے اور بعض میڈیا چینلز کے مالکان کو پالیسی تبدیل کرنے کا بھی کہا جارہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان 25 تاریخ کو پشاور سے اسلام آباد پہنچیں گے، ہم یاسین ملک سے بھی اظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں، پولیس کے سامنے اعتراف جرم کو ہر عدالت رد کرتی ہے، مودی کے ہندوستان میں جوڈیشل سسٹم تباہ ہوا ہے، کل یاسین ملک کی سزا کا تعین ہونے جارہا ہے اور 25 تاریخ کو حقیقی آزادی مارچ میں کشمیر کی آزادی اہم حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد آنے کی کال صرف کے پی کے اور پنجاب کیلئے ہے، باقی شہروں کو دارالحکومت بنایا جائے گا، جب خیبرپختونخوا اور پنجاب سے عوام کا سونامی نکلے گا تو کوئی اسے نہیں روک سکے گا اور اگر آپ روکیں گے تو ہمارے معاشرے میں تلخیاں بڑھیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ میں کافی ذمہ دار لوگ ہیں جنہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے انہیں مارچ روکنے کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے، وہ مستعفی ہوجائیں گے لیکن حکومت کی بات نہیں مانیں گے، نہ وہ اپنے لوگوں کے خلاف گولی اور لاٹھیاں چلانے کو فوقیت دیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے چند بدمعاش لوگوں کو بھرتی کئے ہیں انہیں واضح کردوں آپ کی اتنی حیثیٹ نہیں کہ آپ آزادی مارچ روکیں اور اگر گرفتاریاں ہوئیں تو ہم تیار ہیں جس کا سب سے زیادہ نقصان حکومت کو ہوگا۔

اسلام آباد

long march

Fawad Chaudhary