Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی، شیخ رشید

پاکستان کی فوج عظیم جانثار فوج ہے، وہ کبھی اپنے لوگوں پر گولی نہیں چلائے گی، معیشت کو مزید تباہ ہوتے بھی نہیں دیکھے گی اور ایک ایسا حل نکالے گی جو ملک کو معاشی، سیاسی اور انتظامی بحران سے نکال سکے، سابق وفاقی وزیر داخلہ
شائع 23 مئ 2022 02:21pm

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو 40 دن پورے ہو گئے بلکہ یوں کہیں ان کا چالیسواں پورا ہوگیا ہے، آج حکومتی اتحادی کہیں گے کہ حکومت مدت پوری کرے گی یہ تب بھی نہیں کرسکتے، جی کا جانا ٹھہر گیا ہے، مرکز میں اور پنجاب صوبہ میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے، بلوچستان میں عدم اعتماد ہونے جا رہی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 25 ڈپٹی کمشنروں اور اسسٹنٹ کمشنروں کو پنجاب میں 24 گھنٹوں میں تبدیل کیا گیا ہے لیکن یہ عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فصلے آ سکتے ہیں، دو چار دن اوپر نیچے بھی ہوسکتے ہیں۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان کی فوج عظیم جانثار فوج ہے، وہ کبھی اپنے لوگوں پر گولی نہیں چلائے گی، معیشت کو مزید تباہ ہوتے بھی نہیں دیکھے گی اور ایک ایسا حل نکالے گی جو ملک کو معاشی، سیاسی اور انتظامی بحران سے نکال سکے۔

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ فوج کو سیاست میں گھسیٹے، نیشنل سیکیورٹی کونسل میں پیٹرول، گیس اور بجلی کا مسئلہ ان سے حل کروائیں، آرٹیکل 245 کا استعمال بھی کرائیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہوگا اور موجودہ حکومت کو شرمندگی اٹھانی پڑے گی، یہ اپنے جال میں خود ہی پھنس گئے ہیں، جو کھڈا انہوں نے عمران خان کیلئے کھودا تھا اس میں خود ہی گرگئے ہیں۔

Sheikh Rasheed

اسلام آباد

imran khan

ٹویٹر

social media

AML

pti long march