کراچی میں تقریب پر قوال کی جانب سے مائیکل جیکسن کے گانے کی پرفارمنس
حال ہی میں واٹس ایپ پر کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ہونے والی "قوالی نائٹ" کی ایک ویڈیو گردش کر رہی تھی جس میں ایک قوال کو معروف امریکی گلوکار مائیکل جیکسن کا گانا گاتے ہوئے سنا گیا تھا۔
اس ویڈیوکو تقریباً دو لاکھ مرتبہ دیکھا گیا تھا اور اس پر دو ہزار تک کمنٹس آئے تھے۔
تاہم کیا اس گانے کی ڈبنگ کی گئی تھی یا واقعی یہ قوال کی جانب سے گایا جا رہا تھا۔
اس بارے میں جاننے کے لیے آج نیوز ڈیجیٹل نے قوال، آفتاب خان صاحب، سے بات کی جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ہی تھے جو یہ گانا گا رہے تھے۔
لیکن انہوں نے بتایا کہ یہ ویڈیو دو سال پرانی ہے۔
آفتاب خان صاحب کی عمر 55 برس ہے اور وہ گذشتہ دو دہائیوں سے قوالی گا رہے ہیں۔ انہیں کئی مغربی گانوں کا علم ہے اور مائیکل جیکسن کا مشہورِ زمانہ گانا 'بلی جین' ان کے پسندیدہ گانوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ فرمائشیں بھی اسی گانے کی آتی ہیں۔ اس کے علاوہ مائیکل جیکسن کا 'تھرلر' بھی ان کا پسندیدہ ہے لیکن اس کے لیے باقاعدہ بینڈ کی ضرورت ہوگی۔
اس کے علاوہ انہیں جارج مائیکل کا 'کیئرلیس وسپرز' بھی گانا پسند ہے۔
وہ اکثر اکیلے گاتے ہیں لیکن چونکہ مغربی گانوں کے لیے باقاعدہ بینڈ کی ضرورت ہوتی ہے وہ کسی بڑی تقریب کے لیے آرٹسٹس جمع کر لیتے ہیں۔
عام طور پر ان کی پرفارمنس دو سے تین گھنٹوں کی ہوتی ہے اور اس کے معاقضے کا انحصار تقریب پر ہوتا ہے۔ بڑی محفلوں کے لیے وہ ڈیڑھ لاکھ روپے تک کا معاوضہ لیتے ہیں۔
انہوں نے سکول میں نعت خوانی سے ابتدا کی اور قومی ترانہ بھی گاتے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے چھ برسوں تک نثار بزمی سے کلاسیکل ٹریننگ حاصل کی، جن کے مشہور گانوں میں 'آج جانے کی زد نہ کرو' شامل ہے۔
Comments are closed on this story.