Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جب بتانے کو کچھ نہ ہو تو سازش کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے: مریم نواز

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب کے پاس ثبوت ہوتے تو پیش کئے جاتے، ہر سماعت پر نیب کا...
اپ ڈیٹ 12 مئ 2022 02:39pm
Screengrab: AAJ NEWS YouTube
Screengrab: AAJ NEWS YouTube

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب کے پاس ثبوت ہوتے تو پیش کئے جاتے، ہر سماعت پر نیب کا وکیل تبدیل ہوجاتا ہے، 10 ماہ سے کیس میں ثبوت پیش نہیں ہوئے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اگر کوئی ثبوت نہیں تو عدالت کیس ختم کرے، اگر میرے خلاف ثبوت ہیں توسزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نیب کی زیادتی کا نوٹس لے، انصاف میں تاخیر، انصاف سے انکار کے مترادف ہوتا ہے، نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کر رہی ہے تو نیب کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، ان کے پاس 4 سال میں کارکردگی پر بات کرنے کیلئے 4 سیکنڈ نہیں، جب بتانے کو کچھ نہ ہو توسازش کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔

مسلم لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ سابق وزرا کہتے تھے کہ ملک میں کوئی مہنگائی نہیں، 4 ہفتے میں ان لوگوں کو مہنگائی نظر آنے لگی ہے، چار سال میں ڈالر کو 189 تک پہنچا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ڈالر مہنگا ہونے کی بات کس منہ سے کرتے ہیں، 4 سال میں پاکستان کو 400 سال پیچھے دکھیل دیا گیا، ان کو عوام کی عدالت میں جانے دیں، عوام خود حساب کریں گے، مہنگائی کا سوال ہو تو کہتے ہیں کہ ہمارے خلاف سازش ہوگئی، ملکی مسائل کے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ چور عمران خان اور ان کے سابق وزرا ہیں، کوئی بھی شعبہ دیکھ لیں، وہ شعبہ فرح خانوں سے بھرا پڑا ہے، 4 سال سے پنجاب بزدار نہیں فرح خان چلا رہی تھیں، ن اور ش ساتھ میں ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ آئینی طریقے سے عمران خان کو گھر بھیجا گیا، پاکستان کی جان عمران خان سے چھوٹ چکی ہے، نواز شریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج کا سربراہ ایسا ہونا چاہیے جو ہر قسم کے داغ سے پاک ہو۔

اسلام آباد

Maryam Nawaz Sharif