Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو کسی غیرملکی سازش نے نہیں، اپنے ایم این ایز نے نکالا: مریم نواز

مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے سابق حکومت کے حوالے سے کہا ہے کہ شکر ہے ان فتنوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، ان...
اپ ڈیٹ 11 مئ 2022 07:54pm
Screengrab via HUM NEWS
Screengrab via HUM NEWS

مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے سابق حکومت کے حوالے سے کہا ہے کہ شکر ہے ان فتنوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، ان قومی مجرموں سے پاکستان کی جان چھوٹی، پاکستان کو جادو ٹونے سے چلانے والوں سے جان چھوٹی۔

صوابی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نئے الیکشن میں کے پی کے عوام کی بھی جان خان سے چھوٹنی چاہئے، 4 سال حکومت کرنے کے بعد 4 سیکنڈ بھی کارکردگی پر نہیں بول سکتا، بتانے کو ایک منصوبہ نہ ہو تو سازش کا ڈرامہ رچانے کی ضرورت پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سازش تو ایک بہانہ تھا مقصد کارکردگی چھپانا تھا، جھوٹا خط تو ایک بہانہ تھا مقصد کارکردگی چھپانا تھا، عوام جانتی ہے کہ تمہارے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہ تمہیں نواز اور نہ کسی غیر ملکی سازش نے نکالا، تمہیں تمہارے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز نے نکالا، اس سے بڑی ذلالت اور کیا ہوگی۔

مسلم لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ تمہارے اقتدار میں ہوتے ہوئے پی ٹی آئی ارکان شیر کا ٹکٹ مانگ رہے ہیں، عمران خان ڈرامہ بازی بند کرو، رونا دھونا بند کرو،عوام کو بتاؤ تم نے چار سال میں کیا کرتوت کئے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو عدم اعتماد سے نکالنا بہت ضروری تھا، اس کو نہ نکالتے تو پتہ نہیں پاکستان کے ساتھ کیا ہوجاتا، عوام کے پاس روٹی، چینی، دوائی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کارکردگی ایک کلنک کا ٹیکا ہے، عمران خان ایسے قاتل کی طرح ہے جو کھلے عام قتل کرتا ہے، اور پھر سائیڈ پر کھڑے ہوکر کہتا ہے کہ قتل کس نے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا اب دماغ ہل گیا ہے، کبھی فوج، کبھی عدلیہ، کبھی میڈیا اور کبھی سیاستدانوں کو گالی دیتا ہے، جب حکومت تھا تو ادارے بہت اچھے لگتے تھے، اب کرسی کھسک گئی تو تمہیں سب میر جعفر نظرآنے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تمہاری غلاظت کا ٹوکرا افواج پاکستان کیوں اٹھائے، اپنی غلاظت کا ٹوکرا تمہیں خود اٹھانا پڑے گا۔

PML N Vice President

KPK

Maryam Nawaz Sharif