Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو معلوم ہے کہ ان کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے والا ہے: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ الیکشن کمشنر استعفیٰ نہیں بلکہ عمران خان کو حساب دینا ہوگا، یہ سیاسی دشمنی میں اتنا آگے نکل گئے ہیں کہ مدینہ منورہ جیسی پاک جگہ پر لندن سے بندے بھیج کر شہباز شریف کے خلاف نعرے لگوائے۔
اپ ڈیٹ 06 مئ 2022 11:29pm
عمران خان بنی گالہ جاتے ہوئے 15 کروڑ کی گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے۔  فوٹو — اسکرین گریب
عمران خان بنی گالہ جاتے ہوئے 15 کروڑ کی گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ فوٹو — اسکرین گریب

اٹک: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوا ز نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس میں ان کا فیصلہ آنے والا ہے۔

فتح جنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو اتنا دکھ کرسی جانے کا نہیں جتنی تکلیف انہیں شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر ہوئی ہے، انہیں اتنا دُکھ اس لئے ہے کیونکہ انہوں نے ساری زندگی بوٹ صاف کئے جس کے علاوہ عمران خان کو کچھ نہیں آتا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران نے نہ خود کام کیا نہ کسی کو کرنے دیا، شہباز فجر کی نماز پڑھ کر عوام کی خدمت کیلئے حاظر ہوجاتے ہیں، شہباز شریف کو ایک ماہ ہوا ہے، آٹا، چینی سستی ہوگئی جب کہ انہوں نے بجلی کے کارخانے بھی چلا دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے نیچے سے کرسی کھسکی تو اوپر سے دماغ بھی کھسک گیا ہے، روز ٹی وی پر آکر نئی نئی کہانیاں سناتا ہے، کبھی کہتا ہے میرے خلاف سازش ہوگئی، ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، کبھی کہا کہ جھوٹا خط مارچ میں آیا اور پھر کہا کہ میرے خلاف سازش گزشتہ سال کے جولائی سے ہورہی تھی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ کل عمران خان نے اپنی سازش کا پول خود کھول دیا، کہتا تھا جس شخص نے میری حکومت سنبھالی ہوئی تھی، میں نہیں چاہتا تھا کہ اس کی پوسٹنگ ہو، سابق وزیر اعظم کہتا تھا کہ وہ شخص میری آنکھ اور کان تھا لیکن ہم جانتے ہیں کہ وہ سیاسی مخالفین کی گردنیں دبوچنے کے ہاتھ تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں سے کہتے ہیں میرے ساتھ لانگ مارچ پر چلو، یہ آزادی مارچ نہیں گوگی بچاؤ مارچ ہے، فرح خان کا دوسرا نام عمران خان ہے جس کا تعلق بھی بنی گالہ سے ملتا ہے، علیمہ باجی کو بچانے کیلئے عمران خان نے کبھی بیان نہیں دیا لیکن فرح خان کا ترجمان ٹی وی پر آکر کہتا ہے فرح نے کچھ نہیں کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جیسے ہی عمران خان کو پتہ چلا عدم اعتماد کامیاب ہوجائے گی اسی وقت راتوں رات فرح کو فرار کروادیا، انہوں نے لوگوں کو انڈے، کٹوں کے پیچھے لگادیا، فرح خان جہاں بھی ہوگی رانا ثنا اللہ اسے پاکستان لے آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو لنگر خانے پر لگا کر عمران خان خود توشہ خانے کولوٹتے رہے، وہ خود بنی گالہ جاتے ہوئے 15 کروڑ کی گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے، سابق وزیراعظم کو معلوم ہے ان کے فارن فنڈنگ کیس کا بھی فیصلہ آنے والا ہے، پیسے بناؤ تم، باہر سے پیسے لاؤ تم اور استعفی الیکشن کمشنر دے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر استعفیٰ نہیں بلکہ عمران خان کو حساب دینا ہوگا، یہ سیاسی دشمنی میں اتنا آگے نکل گئے ہیں کہ مدینہ منورہ جیسی پاک جگہ پر لندن سے بندے بھیج کر شہباز شریف کے خلاف نعرے لگوائے جب کہ حرم شریف میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مریم اورنگزیب کو گالیاں دی۔

Maryam Nawaz

Attock