چین کے شہر شنگھائی کو دھچکا: ایک دن میں کورونا وائرس کے 58 نئے کیسز ریکارڈ
چین کے کاروباری دارالحکومت شنگھائی کو ایک جھٹکا لگا جب لاک ڈاون کے باہر واقع علاقوں میں پیر کو کورونا وائرس کے 58 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔
واضح رہے کہ شنگھائی میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے لگائے جانے والی سخت پابندیوں سے عوام میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
ایک مہینے سے زائد کے عرصے سے شہر کی ڈھائی کروڑ کی آبادی میں سے لاکھوں افراد گھر میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
ہفتے اور اتوار کو شہریوں نے لاک ڈاون سے باہر کے علاقوں میں کورونا وائرس کے کوئی نئے کیسز نہ رپورٹ ہونے پر سکون کا سانس لیا ہی تھا کہ پیر کو 58 نئے کیسز سامنے آگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکام نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کرونا وائرس کے نئے کیسز کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔
لوگوں کو اعداد و شمار دیکھ کر بھی حوصلہ ملا تھا کیونکہ اتوار کو شنگھائی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 24 گھنٹے کے دوران 32 تھی، جو کہ اس سے ایک دن قبل 38 ریکارڈ کی گئی تھی۔ تاہم اتوار کے روز نئے کیسز کی تعداد 6804 تھی جبکہ ایک روز پہلے 7189 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔
چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر ایک صارف نے لکھا کہ 'مئی (کے مہینے) کے لیے اب بھی امید ہے۔'
کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے باوجود شنگھائی کے کچھ رہائشی علاقوں میں پیر کو باڑیں لگا دی گئی تھیں۔
Comments are closed on this story.