Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

مسجد نبوی واقعے کیخلاف فیصل آباد میں مقدمہ درج، عمران خان سمیت 150افراد نامزد

مقدمہ تھانہ مدینہ ٹاؤن میں محمد نعیم کی درخواست پر درج کیا گیا، جس میں عمران خان، فواد چوہدری، شیخ رشید، شہبازگل، قاسم سوری اور انیل مسرت سمیت 14 نامزد اور 150 نامعلوم افرا کو نامزد کیا گیا۔
اپ ڈیٹ 01 مئ 2022 12:36pm

فیصل آباد: مسجد نبوی واقعے کیخلاف فیصل آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وفاقی وزراء سمیت 150افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

مسجد نبوی کی بے حرمتی اور نعرے بازی پر سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وفاقی وزراء سمیت 150 سے زائد افراد کیخلاف توہین مذہب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

کہکشاں کالونی کے رہائشی محمد نعیم کی درخواست پر تھانہ مدینہ ٹاؤن میں مسجد نبوی کی توہین پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق وفاقی وزرا شیخ رشید، فوادچوہدری،سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، شہباز گل، شیخ راشد، صاحبزاد جہانگیر اور انیل مسرت سمیت 14 نامزد اور 150 نامعلوم افرا کو نامزد کیا گیا۔

مقدمے میں توہین مذہب کی دفعہ سمیت 4 دفعات لگائی گئی ہیں جن کے تحت عمر قید ہوسکتی ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسجد نبوی ﷺمیں توہین آمیز نعرے بازی کی گئی اورپاکستانی زائرین کو ہراساں کر کے شعائراسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا، یہ سارا واقعہ سوچی سمجھی سازش کے تحت ہوا۔

مقدمے کے اندراج کیخلاف تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں نے آج تھانہ مدینہ ٹاؤن کے باہر احتجاج کا اعلان بھی کردیا۔

ادھر سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیاگیا۔

ایف آئی اے نے شیخ راشد شفیق کو فیصل آباد میں درج مقدمے میں گرفتار کیا،شیخ راشد شفیق عمرہ ادائیگی کے بعد نجی ایئرلائن سےاسلام آباد پہنچے تھے۔

شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی آنکھوں میں خون اترا ہوا ہے،مقدمے کے اندراج کے بعد گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں،حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائی کی جارہی ہے ۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ یہ پی ٹی آئی کے بہت سےلوگوں کو گرفتار کرنے جارہے ہیں ،یہ ملک اس وقت انتقام کی سیاست کی طرف جارہا ہے۔

Sheikh Rasheed

FIR

Faisalabad