Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن نے جرمانوں کیخلاف اپیلوں پر عمران خان اور اسد عمر کو آخری موقع دے دیا

آخری موقع دے رہے ہیں، آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیئے تو اپیلیں خارج کر دیں گے، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ
شائع 26 اپريل 2022 11:44am

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے جرمانوں کیخلاف اپیلوں پر سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو آخری موقع دے دیا۔

الیکشن کمیشن میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی جرمانے کیخلاف اپیلوں پر سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی۔

معاون وکیل پی ٹی آئی نے مؤقف اپنایا کہ ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن حکم کیخلاف رٹ چل رہی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آپ کیس کو ہائیکورٹ سے لنک نہ کریں، کیا عدالت نے کارروائی پر حکم امتناع دیا ہوا ہے؟ جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ نئے اٹارنی جنرل کی عدم تعیناتی کی وجہ سے سماعت مؤخر ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آخری موقع دے رہے ہیں، آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیئے تو اپیلیں خارج کر دیں گے۔

معاون وکیل نے استدعا کی کہ مناسب ہوگا پہلے ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے دیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ آپ کا مؤقف ہے کمیشن اپنی کارروائی جاری رکھے گا،بعدازاں الیکشن کمیشن نے سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ عمران خان اور اسد عمر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50 50 ہزار جرمانہ کیا گیا تھا۔

ECP

اسلام آباد

imran khan

fine

Asad Umer