Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان نےکرتارپورراہداری کے غلط استعمال سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا مسترد کردیا

اسلام آباد:پاکستان نے کرتارپور راہداری کے غلط استعمال سے متعلق...
شائع 24 اپريل 2022 12:55pm

اسلام آباد:پاکستان نے کرتارپور راہداری کے غلط استعمال سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا سختی سے مسترد کر دیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مہم کا مقصد سکھ یاتریوں کیلئے کرتارپور راہداری کھولنے کے اقدام کو نقصان پہنچانا ہے، بھارتی پروپیگنڈے کے پیچھے چھپے عزائم نئے نہیں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کرتےہوئے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈا مہم کا مقصد”امن کی راہداری“کو بدنام کرنا اور دنیا کی توجہ مسلمانوں پر مظالم سے ہٹانا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری پاکستان کی طرف سے سکھ برادری کیلئے ایک تحفہ تھا، بھارت غلط بیانی سے باز رہے، بھارت اپنی مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بامعنی اقدامات کرے۔

ترجمان کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو اولین ترجیح دیتا ہے، پاکستان میں ہر کمیونٹی کے مذہبی مقامات کے تقدس کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارت سے 2000 سے زائد سکھ یاتریوں کی میزبانی کی، دنیا بھر کی سکھ برادری مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کو سراہتی رہی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جاری قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں ضلع بارہ مولا میں گزشتہ دو دنوں کے دوران مزید 3کشمیری نوجوانوں کی شہادت ہوئی ہے،5اگست کے اقدام کے بعدسےاب تک 580سےزائدبےگناہ کشمیری بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں شہیدہوچکےہیں۔

foreign office

پاکستان

اسلام آباد

Kartarpur Corridor