Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
03 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم اور صدر یورپی کمیشن کے مابین ٹیلیفونک رابطہ، تجارتی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم نے صدر یورپی کمیشن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اوریورپی یونین کے تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
شائع 22 اپريل 2022 09:16pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلاوان ڈیرلیین کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم ہاؤس کے مطابق شہبازشریف کی یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین سے ٹیلی فون پرگفتگو ہوئی جس میں یورپی کمیشن کی صدرنے وزیراعظم شہبازشریف کووزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد دی اورپاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش پر زوردیا۔

وزیراعظم نے ارسلا وان ڈیر لیین کی مبارکباد پر شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جومشترکہ اقدار و امن، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔

گفتگو کے دوران شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تجارتی وسرمایہ کاری تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے جی ایس پی پلس انتظامات کو سراہا اور اس بات پرزوردیا کہ ایک باہمی فائدہ مند سکیم ہونے کے ناطے اس نے پاکستان اور یورپی یونین کی تجارت کو بڑھانے میں اہم کردارادا کیا ہے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم نے ارسلا وان ڈیر لیین کی یورپی کمیشن کی خدمات کوسراہا اورباہمی روابط کو مزید گہرا کرنے کے عزم پر زوردیا ۔انہوں نے صدر یورپی کمیشن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اوریورپی یونین کے تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری، تجارتی تعاون کو تیز کرنے اور مختلف شعبوں میں فریقوں کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے رابطے میں رہنے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

Shehbaz Sharif

EU

Prime Minister