Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی صدر مملکت، وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں

وزیراعظم نے الہان عمر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
شائع 20 اپريل 2022 08:53pm
فوٹو — وزیراعظم/ ہاؤس/ ایوان صدر سوشل میڈیا
فوٹو — وزیراعظم/ ہاؤس/ ایوان صدر سوشل میڈیا

اسلام آباد: امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کیں۔

تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں رکن کانگریس الہان عمر سے ملاقات میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، دو طرفہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم میں بہتری آئے گی۔

صدر علوی نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ الہان عمرنے اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے الہان عمر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ اسلامو فوبیا جیسی برائی سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ الہان عمرنے اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف اور اس سے قبل بنی گالا میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔

Prime Minister

President Alvi