Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی کیخلاف فلور کراسنگ کے تحت ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کی جانب سے آج اسپیکر پنجاب اسمبلی کو ریفرنس بھیجنے کا امکان ہے جبکہ اسپیکر کی منظوری کے بعد ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔
شائع 18 اپريل 2022 12:25pm

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین اسمبلی کیخلاف فلور کراسنگ کے تحت ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پی ٹی آئی کی جانب سے آج اسپیکر پنجاب اسمبلی کو ریفرنس بھیجنے کا امکان ہے جبکہ اسپیکر کی منظوری کے بعد ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 26منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کخلاجف فلور کراسنگ کے تحت ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کےمطابق پی ٹی آئی کے چیف وہپ عباس علی شاہ آج ریفرنس اسپیکر پنجاب اسمبلی کے حوالے کریں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہی ریفرنس منظور کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کوبھجوائیں گے، آئین کے مطابق الیکشن کمیشن ایک ماہ کے اندر اس ریفرنس کا فیصلہ کرنے کا پابند ہے،فلورکراسنگ کی شق کے تحت عبدالعلیم خان، اسد کھوکھر، نعمان لنگڑیال اور سعید اکبر نوانی سمیت دیگر ارکان اسمبلی کا سیاسی مستقبل داؤ پر لگ گیا۔

ذرائع کےمطابق مسلم لیگ (ن)کی جانب سے بھی منحرف ارکان کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا تاہم پنجاب اسمبلی کے آزاد ارکان پر شق 63 اے لاگو نہیں ہوگی۔

پارٹی سے انحراف کرنے والے اراکین اسمبلی کو تاحیات نااہل قرار دینے کی درخواست دائر

دوسری جانب پارٹی سے انحراف کرنے والے اراکین اسمبلی کو تاحیات نااہل قرار دینے کی درخواست سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں دائر کر دی گئی۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کسی بھی رکن اسمبلی کو پارٹی سے منحرف ہونے کی اجازت نہیں دیتا،آئین کے مطابق اب کسی بھی سیاسی جماعت کا فارورڈ بلاک نہیں بن سکتا، پنجاب اسمبلی میں بدترین ہارس ٹریڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے اکثریتی پارٹی کو شکست دے کر حمزہ شہبازوزیراعلیٰ منتخب ہوئے،آئین کے تحت منخرف ہونے والے اراکین کے ووٹ گنے ہی نہیں جا سکتے، منحرف اراکین کی نااہلی تاحیات ہوتی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت آرٹیکل 63A کی تشریح کرے اور پارٹی سے انحراف کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اراکین کو تاحیات نااہل قرار دے۔

اسلام آباد

reference

PTI members