Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

کور کمیٹی اجلاس: تحریک انصاف کا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی کور...
اپ ڈیٹ 10 اپريل 2022 07:37pm
Photo: PTI Twitter
Photo: PTI Twitter

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کور کمیٹی ممبران، پنجاب اور خیبرپختون خوا کے وزرائے اعلی، گورنرز اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف کی بطور اپوزیشن پارٹی حکمت عملی طے کی گئی اور کورکمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایوان کے اندر اور باہر تحریک انصاف مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔

اجلاس میں ملک بھر میں پر امن احتجاج سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف منگل کے روز پشاور میں بڑا جلسہ کرے گی، عمران خان عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔

کورکمیٹی نے کہا کہ اگلے انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے پارلیمانی بورڈ کو متحرک کیا جائے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے، سب نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ مستعفی ہوں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کور کمیٹی متفق ہے کہ حکومت کی تبدیلی بین الاقوامی رجیم چینج آپریشن تھا جو پاکستان میں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی غلامی کا سب سے بڑا ثبوت باہر سے فیصلے ہونا ہے،عمران خان نے پوری پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ آج رات عشا کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزمیں بھرپوراحتجاج کریں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ظلم کی بات ہے کہ شہباز شریف پر 16 ارب کی کرپشن کا کیس ہے، جس دن ان پر فرد جرم عائد ہونی ہے اس دن وہ پاکستان کے وزیراعظم بننے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہوں گے، اس سے زیادہ پاکستان کے لیے توہین آمیز بات کوئی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں اسمبلیوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے، ابتداء قومی اسمبلی سے کررہے ہیں، اگر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر ہمارے اعتراضات منظور نہیں ہوئے تو شبہاز شریف کے وزیراعظم منتخب ہوتے ہی ہم اسمبلیوں سے استعفی دیں گے۔

Shehbaz Sharif

پاکستان