Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آج ووٹنگ کا دن ہے، ووٹنگ کروائیں: آصف زرداری

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آصف زرداری کو جواب میں کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اجلاس چلاؤں گا۔
شائع 09 اپريل 2022 07:56pm
سابق صدر آصف زرداری۔  فوٹو — فائل
سابق صدر آصف زرداری۔ فوٹو — فائل

اسلام آباد: سابق صدر و پیپلز پارٹی (پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ میری اتنی عرض ہے کہ آج ووٹنگ کا دن ہے، ووٹنگ کروائیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ کہ آج ووٹنگ کا دن ہے، میں بنگلہ دیش سے کہانی شروع کر کے کہاں ختم کروں، میں پرسنل نہیں ہونا چاہتا، اکثر لوگ جذباتی ہو جاتے ہیں، جذباتی ہو کر کہتے ہیں کہ ان کی بندوق کی نالی پر میں ہوں، لیکن میں جذباتی نہیں ہوتا، یہاں پر کسی کا لیڈر کہتا ہے میں اس کی بندوق کی نالی پر ہوں، یہ شکاری بھی ہیں، کھلاڑی بھی ہیں تو پھر رونا کس بات کا ہے۔

آصف زرداری نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر اسمبلی کو آرڈر آف دی ڈے پر توجہ دلانا چاہوں گا، میری اتنی عرض ہے کہ آج ووٹنگ کا دن ہے ووٹنگ کروائیں، میں نہیں چاہتا کہ آپ کے خلاف سپریم کورٹ جائیں اور کہیں کہ اسپیکر نے عدالت کا حکم نہیں مانا اور ووٹ نہیں کرایا، ہمیں پاکستان مین رہنا ہے ہم نے تعلقات بھی رکھنے ہیں، ہم سیاسی لوگوں کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرتے، بات کریں گے سوائے ایک شخص کے ہم ہر فورس کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی خاطر بات چیت کرسکتے ہیں سوائے ایک شخص کے اس طرف بیٹھے بہت سے لوگوں سے بات چیت ہوسکتی ہے جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آصف زرداری کو جواب میں کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اجلاس چلاؤں گا۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ یہاں سیاسی یونیورسٹی صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، تحریک انصاف کے بہت سارے اسٹوڈنٹس ہماری یونیورسٹی میں ہیں، اور اس طرف ان کے پاس بہت سے طالب علم ہیں جو ہماری یونیورسٹی سے ہی گئے ہیں جو ایک دن واپس آجائیں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ یہ کون سی ایکسپورٹ کی بات کر رہے ہیں، وہ تو میں چھوڑ کر گیا تھا، ڈالر کا ریٹ کا انہوں نے کیا حال کردیا ؟ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں 700 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، ان لوگوں کو پتا ہی نہیں ہے، انہیں سمجھ نہیں آتا یہ کیا باتیں ہیں کیا راز ہیں، کون سی عالمی سازش ہے اور کون کیا کررہا ہے، اگر میں نے کوئی کالم یا کتاب لکھی تو اس میں سب ذکر کردوں گا۔

PPP

Asif Zardari

Vote of No Confidence