Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

غیرملکی طاقتیں پاکستان میں اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتی ہیں، شیخ رشید

ہمیں یک زبان ہوکر مستعفیٰ ہوجانا چاہیئے اور باہر نکل کر قوم کو بتانا چاہیئے کہ ان کے اصل چہرے کیا ہیں، وفاقی وزیر داخلہ
شائع 08 اپريل 2022 02:04pm

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ غیرملکی طاقتیں پاکستان میں اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتی ہیں، ان طاقتوں کو شکست ہوگی، ہمیں یک زبان ہوکر مستعفیٰ ہوجانا چاہیئے اور باہر نکل کر قوم کو بتانا چاہیئے کہ ان کے اصل چہرے کیا ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قوم میں مایوسی کی لہر دوڑی، اگرکوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ ہم ہتھیار پھینکنے جارہے ہیں تو نہیں جناب، ہم ان چوروں اور ڈاکوؤں کیخلاف آخری سانس تک لڑیں گے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ میں عمران خان صاحب کو کل کہہ چکا ہوں، ابھی بھی کہوں گا کہ آخری آپشن ہمارے پاس یہ ہے کہ ہم استعفیٰ دے دیں کیونکہ ان چوروں کے ساتھ ملک نہیں چل سکتا۔

شیخ رشید نے کہا کہ غیرملکی طاقتیں جو ہماری آزادی اور خودمختاری سلب کرکے اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتی ہیں ان شا اللہ انہیں شکست ہوگی۔

وزیرداخلہ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ گھڑی دو گھڑی کی ہارجیت کا مسئلہ نہیں ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہر کوئی بے نقاب ہوگیا ہے، تمام طاقتیں بے نقاب ہوچکی ہیں،مجھے امید ہے ان شا اللہ اچھے فیصلے آئیں گے، شام کو عمران خان خطاب بھی کریں گے، میں 3 مہینے پہلے کہتا تھا کہ استعفیٰ دے دو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے پتا تھا کہ مسئلے کیا ہیں جب میں کہتا تھا کہ نئے الیکشن کرادو اسمبلی توڑ دو، میں اس وقت بھی ٹھیک تھا جب میں کہتا تھا کہ ایمرجنسی لگادو، میں اس وقت بھی ٹھیک تھا جب میں کہتا تھا کہ گورنر راج لگادو۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ ہمیں یک زبان ہوکر مستعفیٰ ہوجانا چاہیئے اور باہر نکل کر قوم کو بتانا چاہیئے کہ ان کے اصل چہرے کیا ہیں، یہ کرائے کے ٹٹو ہیں، یہ وہ سامراجی سنڈیاں ہیں جو اس ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کو کھائیں گے، ان کیخلاف یہی ایک ہی حل ہے، آخری آپشن یہ ہے ہم استعفے دے دیں۔

pm imran khan

Interior Minister

Sheikh Rasheed

اسلام آباد

resign

media talk