نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا وہ اس کو توڑیں گے، شہباز شریف
اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں نہ کسی کی ہار ہوئی اور نہ ہی یہ کسی کی جیت ہے، یہ پاکستان کے عوام کی فتح ہے، ان کی ڈکشنری میں انتقام کا لفظ نہیں ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا وہ اس کو توڑیں گے، کوشش کریں گے کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔
متحدہ اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے صدرشہباز شریف نے کہا کہ عدالتِ عظمیٰ کے اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان کا آئین، پارلیمنٹ کی خود مختاری اور ملک کا مستقبل محفوظ ہوا،عدالتِ عظمیٰ نے اس فیصلے کے ذریعے ماضی کے تمام نظریہ ضرورت کے فیصلوں کو دفن کردیا۔
شہبا زشریف نے کہا کہ اب قیامت تک کوئی بھی نظریہ ضرورت کا سہارا نہیں لے سکے گا، یہ نہ کسی کی ہار ہے اور نہ ہی کسی کی جیت ہے، یہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام اور عدلیہ کی جیت ہے ، عدلیہ نے میرٹ کو سامنے رکھ کر فیصلہ دیا جس پر اس کے شکر گزار ہیں ۔ مسلم لیگ (ن)کے صدرنے کہا کہ اس فیصلے کو پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا، متحدہ اپوزیشن کے تمام رہنماؤں اور اتحادیوں نے حق اور سچ کی بات کی، اس قانونی جنگ میں ساتھ دینے والوں کے شکر گزار ہیں۔
اپوزیشن لیڈرشہباز شریف کا مزیدکہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر اجتماعی قوت کے ساتھ تحریک عدم اعتماد کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ طے کریں گے اور اس کے بعد عدالتی فیصلے کی روشنی میں قائدِ ایوان کا انتخاب کریں گے، ہم سب مل کر مشاورت کے ساتھ اس ملک کی جتنی بھی خدمت کرسکتے ہیں وہ کریں گے۔
شہبا زشریف نے واضح کیا کہ وہ صدقِ دل کے ساتھ کہنا چاہتے ہیں کہ ان کی ڈکشنری میں انتقام کا لفظ نہیں ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا وہ اس کو توڑیں گے، اگر پی ٹی آئی والے استعفیٰ دیتے ہیں تو ان کی مرضی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں،وہ متحدہ اپوزیشن اور اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کیلئے نامزد کیا۔
ایک سوال کے جواب میں ن لیگی صدرشہباز شریف کا مزیدکہنا تھا کہ جادو ٹونہ تو حرام ہے، اگر کوئی جعلی جادو ٹونہ تھا بھی تو وہ پاکستان چھوڑ کر بھاگ چکا ہے، ہم ریفارمز کریں گے تاکہ پورے ملک کے عوام کو ان کے حقوق مل سکیں۔
Comments are closed on this story.